Sunday, May 12, 2024

اس وقت دنیا میں سب سے زیادہ کورونا کیسز امریکا میں ہیں، ٹرمپ

اس وقت دنیا میں سب سے زیادہ کورونا کیسز امریکا میں ہیں، ٹرمپ
April 10, 2020
واشنگٹن (92 نیوز) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت دنیا میں سب سے زیادہ کورونا کے کیسز امریکا میں ہیں۔ امریکا میں کورونا وائرس سے ہلاکتوں کی تعداد دنیا میں اٹلی کے بعد دوسرے نمبر پر آ گئی، امریکا میں کوروناسے ہلاک ہونے والے افراد کی تعداد ساڑھے 16 ہزار جبکہ متاثرین ساڑھے 4 لاکھ سے تجاوز کرگئے۔ کورونا وائرس کے حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ اس وقت دنیا میں سب سے زیادہ کورونا کے کیسز امریکا میں ہیں۔ اسی لیے وبا کے پھیلاو کو روکنے کیلئے 20 لاکھ افراد کے ٹیسٹ کیے جا چکے ہیں۔ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ ہم جلد وبا پر قابو پالیں گے کیونکہ امریکا کے پاس دنیا کا بہترین طبی عملہ موجود ہے۔ امریکی فوج 20 عارضی اسپتال تعمیر کر رہی ہے اور کورونا کی ویکسین تیار کرنے کے حوالے سے حوصلہ افزا خبریں آ رہی ہیں۔ امریکی صدر نے ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ گھبرانے کی ضرورت نہیں کیونکہ امریکی معیشت ٹھیک ڈگر پر جا رہی ہے اور میرا خیال ہے کہ یہ مستقبل میں مزید بہتر ہو گی۔ دوسری جانب امریکی صدر کی اہلیہ بھی کورونا کا پھیلاؤ روکنے کیلئے میدان میں آ گئیں۔ میلانیا ٹرمپ نے ماسک پہن کر سوشل میڈیا پر اپنی تصویر شیئر کی اور لوگوں سے بھی احتیاط کے طور پر ماسک پہننے کی استدعا کردی۔