Thursday, April 25, 2024

حکومت نے 10 سال کیلئے قمری کیلنڈر جاری کرنے کا اعلان کردیا

حکومت نے 10 سال کیلئے قمری کیلنڈر جاری کرنے کا اعلان کردیا
May 6, 2019
اسلام آباد ( 92 نیوز) حکومت نے 10 سال کیلئے قمری کیلنڈر جاری کرنے کا اعلان کردیا۔وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چودھری کہتے ہیں  ایک ہی دن روزہ اور عید کیلئے ماہرین پرمشتمل5رکنی کمیٹی قائم کردی۔ وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی  فواد چودھری دن بھر ٹویٹر پر سرگرم رہے ۔ وزیر سائنس نے ٹویٹر پر اپنے پیغام میں بتایا ملک بھر میں ایک ساتھ روزہ رکھنے اور عید منانے کے حوالے سے پانچ رکنی کمیٹی قائم کی گئی ہے جس میں سپارکو، محکمہ موسمیات اور سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کے ماہرین شامل ہوں گے۔ کمیٹی اگلے 10 سال کے لئے  قمری کیلنڈر جاری کرے گی۔ فواد چودھری نےایک اور ٹویٹ میں لکھا ملک کیسے چلنا ہے یہ فیصلہ مولانا پر نہیں چھوڑا جا سکتا، اس رویے سے پاکستان کا قیام  ہی عمل میں نہ آتا۔ یہی نہیں وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی نے لکھا  کہ  آگے کا سفر مولویوں نے نہیں نوجوانوں نے کرنا ہے اور ٹیکنالوجی ہی قوم کو آگے لیجا سکتی ہے۔ فواد چودھری کے بیان پر رد عمل دیتے ہوئے مفتی منیب الرحمان کا کہنا تھا  وزیر کا بیان افسوسناک ہے  وزیر اعظم سے اپیل ہے وزرا کو پابند کریں کہ وہ تاریخ مسخ نہ کریں ۔ وزیر سائنس نے پھر ٹویٹ داغا کہ بانیان پاکستان مغرب کے تعلیمی اداروں سے فارغ التحصیل تھے،جماعت اسلامی،جمعیت علمائے ہند اور جیدمولانا صاحبان کی جماعتیں پاکستان کے قیام کی سخت مخالف تھیں۔