Friday, May 10, 2024

اس حکومت کا یوم احتساب قریب آرہا ہے، مریم نواز

اس حکومت کا یوم احتساب قریب آرہا ہے، مریم نواز
November 9, 2020
گلگت (92 نیوز) مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز کہتی ہیں کہ اس حکومت کا یوم احتساب قریب آرہا ہے، حکومت جارہی ہے،اس کو خدا حافظ کہہ دو۔ ن لیگی رہنماء نے گوپس میں جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج اپنے بھائیوں کے گھر آئی ہوں، آپ کو نوازشریف اور شہباز شریف کی جانب سے سلام پیش کرتی ہوں، اس جعلی حکومت کو کبھی حکومت نہیں سمجھا، جعلی حکومت گوپس کے فنڈز روک کر بیٹھی ہے۔ گوپس کا ضلع بننا آپ کا حق ہے، گوپس اور یاسین کو ضلع کا درجہ دیں گے۔ گوپس اور گلگت بلتستان میں شیر آئے گا، نوازشریف آج بھی پاکستان اور گلگت بلتستان کے عوام کیلئے کھڑا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ کی مصوری گلگت بلتستان کی خوبصورتی میں نظر آتی ہے، جب سے گلگت بلتستان میں قدم رکھا ہے نوازشریف سے محبت میں ان پہاڑوں جتنا اضافہ ہوگیا ہے، نوازشریف نے گلگت بلتستان میں سڑکیں اور پل بنائے، حفیظ الرحمٰن نے نوازشریف کا سپاہی بن کر گلگت بلتستان سے دہشتگردی کا صفایا کیا۔ گزشتہ 5 برس میں یہاں امن کی وجہ سے لاکھوں سیاح آئے، وہ امن جو آپ کو نوازشریف اور مسلم لیگ ن کی حکومت نے دیا۔ اُن کا کہنا تھا کہ دیا میراور بھاشا ڈیم پر نوازشریف نے جو کام کیا، وہ آج تک کسی نے نہیں کیا، آپ کے مسائل کا ایک ہی حل ہے اور اس کا نام ہے نوازشریف، سڑکیں اور موٹر وے کے جال بنائے، لوڈشیڈنگ اور دہشت گردی ختم کی۔ سی پیک منصوبہ لائے، آئی ایم ایف کو خدا حافظ کہا، جھوٹے مقدمات سینوں پر جھیلے پر جھکے نہیں۔ نوازشریف کو جن مخالفین کا سامنا وہ اخلاق سے گرے ہوئے لوگ ہیں۔ ان کو ایک ہی کام آتا ہے جو انتقام اور بد زبانی ہے۔ میں عمران خان کا نام تک لینا نہیں چاہتی، مجبوری ہے مجھے عوام کے مجرم کا نام لینا پڑتا ہے۔ پاکستان کو آج جو بیماری لاحق ہے اسکا نام عمران خان ہے۔ جس حکومت کا جہاز ڈوب رہا ہو اس حکومت کے جہاز پر کوئی سوار نہیں ہوگا۔ الیکشن والے دن کوئی بھی خاتون گھر پر نہ بیٹھے۔