Thursday, May 9, 2024

ازبکستان کے نائب وزیراعظم کا جی ایچ کیو کا دورہ، آرمی چیف سے ملاقات کی

ازبکستان کے نائب وزیراعظم کا جی ایچ کیو کا دورہ، آرمی چیف سے ملاقات کی
May 28, 2019
راولپنڈی ( 92 نیوز) ازبکستان کے نائب وزیراعظم نے جی ایچ کیو کا دورہ کیا اور  آرمی چیف سے ملاقات کی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق ازبکستان کے نائب وزیر اعظم سے ملاقات میں جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا تھا کہ دوطرفہ تعاون علاقائی امن و استحکام میں مددگار اور اقتصادی خوشحالی کا موجب ہو گا۔ ازبک نائب وزیر اعظم ایلئور ماجید ووچ نے کہا ہے دہشتگردی کے خاتمے کیلئے پاک فوج کاکردارقابل تقلیدہے ۔پاکستان اور ازبکستان نے دوطرفہ تجارتی حجم 300ملین ڈالر تک لے جانے اور ریل کے شعبے میں تعاون بڑھانے پر بھی اتفاق کیا ہے ۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ(آئی ایس پی آر)کے مطابق ازبکستان کے نائب وزیراعظم نے جی ایچ کیوکادورہ کیا اورآرمی چیف جنرل قمرجاویدباجوہ سے ملاقات کی ۔ازبک نائب وزیر اعظم نے کہاخطے میں امن واستحکام کے فروغ کیلئے پاک فوج کی کوششیں قابل قدرہیں۔اس موقع پر آرمی چیف جنرل قمرجاویدباجوہ نے کہا ازبکستان پاکستان کادوست ہے ،دونوں ملکوں کے باہمی تعلقات سے خطے میں امن و استحکام کی فضابہترہوگی اور اقتصادی استحکام کوبھی تقویت ملے گی۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی،علاقائی سیکیورٹی اورروابط کے فروغ پرتبادلہ خیال کیاگیا۔ ادھروزارتِ خارجہ میں ازبکستان اور پاکستان کے مابین وفود کی سطح پر مذاکرات منعقدہوئے ۔ ازبکستان کے وفد کی قیادت نائب وزیراعظم ا یلئور ماجید ووچ گانی یوجبکہ پاکستانی وفد کی قیادت وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کی ۔ ازبک وفد میں سرمایہ کاری ، بیرون ملک تجارت اور ٹرانسپورٹ کے نائب وزرا شامل تھے ۔ مذاکرات میں دو طرفہ تعلقات،اقتصادی و تجارتی شعبوں میں دو طرفہ تعاون کے فروغ سمیت اہم علاقائی و عالمی امور پر تبادلہ خیال اور گزشتہ ملاقاتوں میں طے پانے والے فیصلوں پر عملدرآمد کا جائزہ لیا گیا۔ وزیر خارجہ شاہ محمد قریشی نے کہا ازبک نائب وزیراعظم کا دورہ پاکستان دونوں ممالک کے مابین معاشی شراکت داری اور خطے کے روابط بڑھانے میں اہم کردار اداکرے گا۔پاکستان ، وسط ایشیائی ممالک کے ساتھ روابط کو مزید فروغ دینا چاہتا ہے ۔ ازبک نائب وزیراعظم نے پرتپاک خیر مقدم پر وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کا خصوصی شکریہ ادا کیااور کہاتوقع ہے کہ اس دورے کے نتیجے میں ازبکستان کے ساتھ پاکستان کے دو طرفہ تعلقات مزید مستحکم ہونگے اور گہری اقتصادی پارٹنر شپ کا راستہ ہموار ہوگا۔ وزیر خارجہ نے ازبک نائب وزیراعظم اور ان کے وفد کے اعزاز میں افطار ڈنربھی دیا ،ادھروزیر ریلویز شیخ رشید سے ازبکستا ن کے نائب وزیر اعظم ایلئور ماجید ووچ گانی یو نے ملاقات کی۔ شیخ رشید احمد نے ازبکستان کو پاکستان ریلوے کے منصوبوں میں شراکت داری کی دعوت دیتے ہوئے کہاازبکستان سے تاریخی، مذہبی اور ثقافتی تعلقات ہیں۔ ثمر قند اور بخارا سے پاکستانی عوام خصوصی عقیدت رکھتے ہیں،علاقائی ترقی کے لئے پاکستان ریلوے وسط ایشیائی ممالک کو ریل کے ذریعے ملانے کا خواہشمند ہے ۔ ریل نیٹ ورک میں افغانستان اہم شراکت دار ہے ،مشترکہ کوششوں کی حمایت کرینگے ۔ پاکستان ریلوے گوادر، کوئٹہ ، تافتان ریل نیٹ ورک قائم کررہا ہے ، ازبکستان کی شراکت داری کو خوش آمدید کہیں گے ۔ ازبکستا ن کے نائب وزیر اعظم ایلئور ماجید ووچ گانی یو نے کہاوسط ایشیائی ریاستوں اور پاکستان کے درمیان تجارت کے فروغ کیلئے ریل تعاون اہم ترین ہے ۔پاکستان اورازبکستان کے درمیان تعلقات تاریخی ہیں اورتجارت اور معاشی تعلقات بڑھانے کی بہت گنجائش ہے ۔پشاور، کابل، مزارشریف ریلوے لائن منصوبہ خطے کے لئے ناگزیر جبکہ علاقے میں وسط ایشیائی ریاستوں اور پاکستان کے درمیان تجارت کے فروغ کے لئے ریل تعاون اہم ترین ہے ،ازبکستان خطے کو پاکستان سے ملانے کے تمام منصوبوں کی حمایت کرتا ہے ،غربت کے خاتمے اور افغانستان میں امن کے لئے بھی ریل لنک نہایت ضروری ہے ۔