Sunday, September 8, 2024

ارما سے کریبیئن اور فرانسیسی جزائر میں تباہی، 14 افراد جان کی بازی ہار گئے

ارما سے کریبیئن اور فرانسیسی جزائر میں تباہی، 14 افراد جان کی بازی ہار گئے
September 8, 2017

فلوریڈا (92 نیوز) بحر اوقیانوس میں آنے والے سمندری طوفان ارما نے کریبیئن اور فرانسیسی جزائر میں تباہی مچا دی۔ طوفان نے امریکی ریاست فلوریڈا کے لیے بھی خطرے کی گھنٹی بجا دی۔ مختلف حادثات میں تیرچودہ افراد جان کی بازی ہار گئے۔ برطانیہ نے متاثرین کے لیے تین کروڑ بیس لاکھ پاؤنڈز امداد کا اعلان کر دیا۔

بحر اوقیانوس میں ہلچل مچانے والے ارما طوفان کو سمندری طوفان کے پانچویں درجے میں رکھا گیا ہے لیکن طوفان کے تیور دیکھتے ہوئے ماہرین نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ کہیں یہ طوفان کیٹیگری چھ میں تبدیل نہ ہو جائے۔

ارما طوفان نے کریبین اور فرانسیسی جزائر کو ملیامیٹ کر دیا۔ سینٹ مارٹن جزیرے میں 95 فیصد عمارتیں تباہ ہو گئیں اور ائیر پورٹ صفحہ ہستی سے مٹ گیا۔ ویسٹ انڈیز کے جزیرے انٹیگا میں سیلاب سے گھر، مکانات اور گاڑیاں پانی میں ڈوب گئیں۔

طوفان نے جزیرے بربودا کو مکمل طور پر تباہ کردیا۔ ابتدائی نقصانات کا تخمینہ ڈیڑھ سو ملین ڈالر لگایا گیا ہے۔ حکام کے مطابق ہلاکتوں میں بھی اضافہ ہو سکتا ہے۔

کریبین اور فرانسیسی جزائر میں بجلی کا نظام درہم برہم ہو گیا اور لاکھوں افراد بجلی سے محروم ہیں۔ تین سو میل فی گھنٹہ کی رفتار سے چلنے والی طوفانی ہوائیں کیوبا کا رخ کر رہی ہیں۔ امریکی محکمہ خارجہ نے اپنے تمام شہریوں کو فوری طور پر کیوبا چھوڑنے کی ہدایت جاری کی ہے۔  

ارما طوفان ہفتے کے روزفلوریڈا اور شمالی کیرولائنا سے ٹکرا ئے گا۔ مغربی ساحلی علاقوں کے مکینوں کو گھر خالی کرنے کے احکامات جاری کر دئیے گئے۔ امریکی ائیر لائنز نے فلوریڈاسے مختلف ریاستوں کے ہوائی ٹکٹ کی قیمت میں 600 گنا اضافہ کردیا ہے۔

ادھر برطانیہ کا ارما طوفان سے متاثرین کے لیے تین کروڑ بیس لاکھ پاونڈز امداد کا اعلان کیا ہے۔ برطانوی وزیر اعظم تھریسا مے کا کہنا ہے کہ ان کی ہمدردیاں اور دعائیں طوفان متاثرین کے ساتھ ہیں۔