Friday, March 29, 2024

ارض پاک کی حفاظت کرنے والے بہادر بیٹوں پر قوم کو ناز

ارض پاک کی حفاظت کرنے والے بہادر بیٹوں پر قوم کو ناز
December 30, 2020

اسلام آباد (92 نیوز) ارض پاک کی حفاظت کرنے والے بہادر بیٹوں پر قوم کو ناز ہے۔ 2020 میں بھی مختلف محاذوں پر ملک دشمنوں کا مقابلہ کرتے ہوئے کئی ماؤں کے لخت جگر قربان ہوئے۔

کبھی دشمن سے خوف کھاتے نہیں

محازٍ جنگ سے ناکام ہو کے آتے نہیں

وطن کے محافظ فرض پر قربان

دو ہزار بیس میں بھی دھرتی ماں پر

کئی سپوتوں نے کیں جانیں قربان

زمینی سرحد پر ہو دشمن سے سامنا یا سمندر اور فضا سے ارض پاک کا تحفظ ۔ لائن آف کنٹرول پر دشمن کیخلاف ڈٹ جانا ہو یا شمالی وزیرستان اور بلوچستان میں امن دشمنوں کے خاتمے کا آپریشن۔ ارضِ پاک سے فسادیوں کے خاتمے کا مشن لیے بہادر جوان شب روز الرٹ ہیں۔

2020 میں بھی بری ، بحری اور فضائی فوج کے بہادر جوان نہ صرف دشمن کی آنکھوں میں آنکھیں ڈالے ڈٹے رہے بلکہ جام شہادت نوش کرکے وطن کا دفاع یقینی بنایا۔ یہ جذبہ شہادت ہی ہے جو افواج پاکستان کو دنیا کی دیگر افواج سے ممتاز بناتا ہے۔ ایسے جوانوں کیلئے ہی شاعر نے کہا ہے: شہید کی جو موت ہے، وہ قوم کی حیات ہے

چودہ جولائی دو ہزار بیس کو شمالی وزیرستان میں پاک فوج کے چار بہادر سپاہیوں نے جام شہادت نوش کیا۔ انیس نومبر کو جنوبی وزیرستان میں دہشتگردوں سے لڑتے دو فوجی جوان ارض پاک پر قربان ہوئے۔ بائیس نومبر کو کرک کے گبرو جوان سپاہی صدام نے جان کا نذرانہ پیش کیا۔

فرنٹیر کور کے جوان بھی ملک کی حفاظت میں پیچھے نہ رہے۔ چوبیس دسمبر کو شمالی وزیرستان میں چونتیس سالہ نائیک یاسین شہید اور ستائیس دسمبر کو بلوچستان میں سات جوان شہادت کے اعلیٰ مقام پر فائز ہوئے۔

وطن کے شہدا اور غازیوں کو اور دھرتی پر لخت جگر قربان کرنے والی بہادر ماوں کو قوم کا سلام۔