Wednesday, May 8, 2024

ارسا نے کراچی کیلئے پینے کا اضافی پانی دینے سے انکار کر دیا

ارسا نے کراچی کیلئے پینے کا اضافی پانی دینے سے انکار کر دیا
November 29, 2015
اسلام آباد (92نیوز) ارسا نے کراچی کے شہریوں کو پینے کے پانی کی اضافی مقدار فراہم کرنے سے انکار کر دیا۔ گھبیر ڈیم کی تعمیر سے متعلق حکومت سندھ کا اعتراض بھی مسترد۔ ارسا کا کہنا ہے کہ سندھ حکومت اپنے مطالبات کے لیے مشترکہ مفادات کونسل سے رجوع کرے۔ تفصیلات کے مطابق ارسا ذرائع نے 92 نیوز کو بتایا ہے کہ سندھ حکومت نے درخواست دی تھی کہ دریائے سندھ سے کراچی کے شہریوں کے لیے پینے کا پانی فراہم کیا جائے۔ اس سلسلے میں صوبہ سندھ نے 1200 کیوسک یومیہ اضافی پانی کی فراہمی کا مطالبہ کیا تھا۔ سندھ حکومت نے تلہ گنگ میں گھبیر ڈیم کی تعمیر پر بھی اعتراض عائد کیا تھا۔ سندھ نے موقف اختیار کیا کہ گھبیر ڈیم چونکہ دریائے سندھ میں گرنے والے نالے پر تعمیر کیا جا رہا ہے اس لیے این او سی لینا ضروری ہے۔ ارسا اتھارٹی نے ان دونوں مطالبات پر اجلاس کیا اور سندھ کی درخواستیں مسترد کر دیں۔ ارسا کا کہنا ہے پانی کی تقسیم سے متعلق 1991ءکے سندھ طاس معاہدے میں پینے کے پانی کا حصہ مختص کر دیا گیا تھا اب اضافی پانی نہیں دیا جا سکتا اور گھبیر ڈیم چونکہ اس نالے پر تعمیر کیا جارہا ہے جو تلہ گنگ کے علاقے سے نکلتا ہے اس لیے سندھ حکومت کا یہ اعتراض بھی قابل قبول نہیں۔ ارسا نے حکومت سندھ کو جواب دیا ہے کہ سندھ اپنے دونوں مطالبات کے لیے مشترکہ مفادات کونسل کا فورم استعمال کرے۔