Monday, May 13, 2024

اردو کے عہدساز شاعر فیض احمد فیض کی آج سینتیسویں برسی ہے

اردو کے عہدساز شاعر فیض احمد فیض کی آج سینتیسویں برسی ہے
November 20, 2021 ویب ڈیسک

لاہور (92 نیوز) ترقی پسند نظریات اور انقلاب کو موتیوں کی خوبصورت لڑی میں پرو کر پیش کرنے والے اردو کے عہدساز شاعر فیض احمد فیض کی آج سینتیسویں برسی ہے۔

انقلاب، جدت اور شخصی آزادی کے علمبردار فیض احمد فیض کو کون بھول سکتا ہے۔ معاشرتی مساوات، انسانی حقوق کے علمبردار اور اردو کے عہدساز شاعر فیض احمد فیض تیرہ فروری انیس سو گیارہ کو سیالکوٹ میں پیدا ہوئے۔

فیض احمد فیض نے گورنمنٹ کالج لاہور سے ایم اے انگلش اور اورنیٹل کالج لاہور سے ایم اے عربی کیا۔ اپنی شاعری اور نثری تحریروں میں فیض احمد فیض نے مظلوم انسانوں کے حق میں آواز اٹھائی اور انسان پر انسان کے جبر کو قبول کرنے سے انکار کیا۔ اپنے اشعار کے ذریعے جابر حکمرانوں کے مظالم کو عوام کے سامنے بے نقاب کرنے پر قید ہوئے اور جلا وطنی بھی کاٹی لیکن حق گوئی ترک نہ کی۔

فیض کی معروف تصانیف میں نقش فریادی، دست صبا، زنداں نامہ، شام شہر یاراں، مرے دل مرے مسافر اور نسخہ ہائے وفا شامل ہیں۔ آپ کوعلمی و ادبی خدمات پر متعدد عالمی اور قومی اعزازات سے نوازا گیا۔ آپ بیس نومبر انیس سو چوراسی کو جہاں فانی سے کوچ کر گئے اور لاہور میں آسودہ خاک ہیں۔

ہمیشہ جدت پسندی اور جمہوریت کی بات کرنے والے فیض احمد فیض کی ترقی پسند سوچ آج بھی زندہ ہے۔