Friday, April 26, 2024

اردو کے عظیم افسانہ نگار سعادت حسن منٹو کی آج ایک سو آٹھویں سالگرہ منائی جا رہی ہے

اردو کے عظیم افسانہ نگار سعادت حسن منٹو کی آج ایک سو آٹھویں سالگرہ منائی جا رہی ہے
May 11, 2020
 لاہور (92 نیوز) اردو کے عظیم افسانہ نگار سعادت حسن منٹو کی آج ایک سو آٹھویں سالگرہ منائی جا رہی ہے۔ منٹوکی کاٹ دار تحریریں آج بھی اپنی مثال آپ ہیں۔ اپنی تحریروں سے انسانی ضمیر کو جھنجھوڑنے والے افسانہ نگاری کی دنیا کے بے تاج بادشاہ سعادت حسن منٹو گیارہ مئی انیس سوبارہ کو لدھیانہ میں پیدا ہوئے۔ وہ تقسیم ہند کے وقت نقل مکانی کر کے لاہور آگئے۔ شرارتوں سے بھرپور بچپن گزارنے والے سعادت حسن نے اوائلِ جوانی میں ہی افسانہ نگاری شروع کر دی تھی۔ انہوں نے ایسی بے مثال کہانیاں، افسانے، مضامین اور خاکے تخلیق کیے جنہوں نے روایتی اردو افسانے کو ایک نئی جہت بخشی۔ دنیا بھر میں جہاں جہاں اردو بولی سمجھی اور پڑھی جاتی ہے وہاں سعادت حسن منٹو کے خیالات اور مشاہدات موجود ہیں۔ منٹو کی تصانیف میں ٹوبہ ٹیک سنگھ، ٹھنڈا گوشت ، دھواں ،آتش پارے، منٹو راما، منٹو کہانیاں، کھول دو جیسی تصانیف شامل ہیں۔ سعادت حسن منٹو کی بیشتر تحریریں تنازعات کا شکار رہیں۔ انہیں اپنے لکھے الفاظ کی پاداش میں 3 مرتبہ عدالتی سزاؤں کا سامنا بھی کرنا پڑا۔ عظیم افسانہ نگار اٹھارہ جنوری انیس سو پچپن کو دنیائے فانی سے رخصت ہو گئے مگر انکی تحریریں آج بھی زندہ ہیں۔