Sunday, April 14, 2024

اردو، پنجابی اور پشتو فلموں کے نامور ڈائریکٹر ممتاز علی خان انتقال کر گئے

اردو، پنجابی اور پشتو فلموں کے نامور ڈائریکٹر ممتاز علی خان انتقال کر گئے
December 2, 2021 ویب ڈیسک

لاہور (92 نیوز) پاکستان فلم انڈسٹری کو سپرہٹ فلمیں دینے والے کئی نامور اداکاروں کو متعارف کروانے والے ڈائریکٹر ممتاز علی خان انتقال کر گئے۔ انہیں سیکڑوں سوگواروں کی موجودگی میں لاہور میں سپرد خاک کر دیا گیا۔

اُردو، پنجابی اور پشتو کے نامور ڈائریکٹر ممتاز علی خان نے کیریئر کا آغاز 1977 سے کیا اور پہلی پشتو فلم درہ خیبر بنائی۔ ممتاز علی خان نے اداکار رنگیلا، اسماعیل شاہ، مسرت شاہین، آصف خان، ہمایوں قریشی اور عجب گل جیسے کامیاب ستاروں کو فلم انڈسٹری میں متعارف کرایا۔

ممتاز خان کی قابل ذکر اور سپر ہٹ فلموں میں گہرے زخم، ڈاکو کی لڑکی، یادوں کی برات، میری دشمنی، باغی قیدی، درہ خیبر، دلہن ایک رات کی، قیامت سے قیامت تک اور راکا شامل ہیں۔

ممتاز خان کی نماز جنازہ لاہور میں ادا کی گئی جس میں شوبز انڈسٹری سے وابستہ شخصیات اور سیکڑوں افراد نے شرکت کی۔ انہیں اقبال ٹاؤن کے قبرستان میں سپرد خاک کر دیا گیا۔