Sunday, September 8, 2024

اردو اور پنجابی فلموں کے اداکار کیفی کو مداحوں سے بچھڑے 6 برس بیت گئے

اردو اور پنجابی فلموں کے اداکار کیفی کو مداحوں سے بچھڑے 6 برس بیت گئے
March 13, 2016
لاہور (92نیوز) ساٹھ اور ستر کی دہائی میں پاکستانی سینما کو کئی سدا بہار فلمیں دینے والے کیفی نے تیس سال سے زائد عرصے تک فلموں میں فن کا مظاہرہ کیا۔ تفصیلات کے مطابق ہدایت کار اور اداکار کی حیثیت سے پاکستانی فلم انڈسٹری میں ممتاز نام رکھنے والی شخصیت کفایت حسین بھٹی المعروف کیفی 1943ءمیں پنجاب کے شہر گجرات میں پیدا ہوئے۔ 1964 ءسے فلمی دنیا سے فنی سفر کا آغاز کرنے والے کیفی نے 81 کے قریب اردو اور پنجابی فلموں میں ہدایتکاری اور اداکاری کے جوہر دکھائے۔ بطور ہدایت کار ان کی پہلی فلم ”منہ زور“ تھی جو 1966ءمیں ریلیز ہوئی۔ ان کی دوسری فلم ”چن مکھناں“ تھی جو 1968ءمیں نمائش پذیرہوئی۔ فلم کے گیتوں نے دھوم مچا دی۔ اسی سال کیفی نے بطور ہیرو فلم ”سجن پیارا“ کی۔ یہ فلم بھی گولڈن جوبلی ٹھہری۔ ایک کے بعد ایک سپر ہٹ فلموں کا سلسلہ نہ تھما۔ بھٹی فلمز کے بینر تلے بننے والی ڈائمنڈ جوبلی کرنے والی فلم ”ظلم دا بدلہ“ نے تو بزنس کے ریکارڈ ہی توڑ دیے۔ اداکار کیفی نے دو شادیاں کیں۔ پہلی شادی اداکارہ غزالہ سے جبکہ دوسری شادی اداکارہ چکوری کے ساتھ ہوئی جو چند سال چل پائی۔ کیفی کی بطور ہدایت کار فلم ”میرا ماہی“ تھی جو 2001ءمیں ریلیز ہوئی۔ تین دہائیوں تک بے شمار کامیاب فلمیں دینے والے کیفی 66 سال کی عمر میں ہم سے جدا ہوگئے۔