Wednesday, April 24, 2024

اردو ادب کے عظیم افسانہ نگار سعادت حسن منٹو کی آج 62 ویں برسی

اردو ادب کے عظیم افسانہ نگار سعادت حسن منٹو کی آج 62 ویں برسی
January 18, 2017
لاہور(92نیوز)اردو ادب کے عظیم افسانہ نگار سعادت حسن منٹو کو اپنے مداحوں سے بچھڑے باسٹھ برس بیت گئے تفصیلات کےمطابق گیارہ مئی انیس سو بارہ کو لدھیانہ کے نواحی گاؤں سمرالہ میں پیدا ہونے والے سعادت حسن منٹو سوتیلے بہن بھائیوں کے سائے میں پلے بڑھے۔ بچپن سہمے ہوئے بچے کی طرح گزرا جس کے باعث طبیعت سکول کی طرف مائل نہ تھی۔ ابتدائی تعلیم گھر میں ہوئی اور انیس سو اکیس میں ایم اے او مڈل سکول میں چوتھی جماعت میں داخل کرائے گئے۔ منٹو کا تعلیمی کیریر حوصلہ افزا نہیں تھا، میٹرک میں تین مرتبہ فیل ہونے کے بعد انیس سو اکتیس میں پاس ہوئے اور پہلے ہندو سبھا کالج میں داخلہ لیا اور سال دوم میں ایم اے او کالج میں چلے گئے۔ منٹو نے انسانی نفسیات کو موضوع بنایا، منٹو ایک معمار افسانہ نویس تھے جنہوں نے اردو افسانے کو ایک نئی راہ دکھائی۔ سعادت حسن منٹو اپنے بارے میں کہتے تھے کہ افسانہ مجھے لکھتا ہے منٹو کی زندگی بذات خود ناداری، انسانی جدوجہد، بیماری اور ناقدری کی ایک المیہ کہانی تھی جسے اردو افسانے نے لکھا۔ منٹو قیام پاکستان کے بعد لاہور آگئے اور بہترین افسانے تخلیق کئے۔ آپ اٹھارہ جنوری انیس سو پچپن کوبیالیس سال کی عمر میں خالق حقیقی سے جاملے۔ ان کے افسانے اردو ادب کا گراں قدر سرمایہ ہیں۔