Friday, March 29, 2024

اردن میں آتشزدگی کے واقعے میں 13 پاکستانی جاں بحق، دفتر خارجہ کی تصدیق

اردن میں آتشزدگی کے واقعے میں 13 پاکستانی جاں بحق، دفتر خارجہ کی تصدیق
December 2, 2019
 اسلام آباد (92 نیوز) دفتر خارجہ نے اردن میں آتشزدگی کے واقعے میں 13 پاکستانی جاں بحق ہونے کی تصدیق کر دی۔ ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر محمد فیصل کے مطابق جاں بحق افراد میں 7 بچے، 4 خواتین اور 2 مرد شامل ہیں ۔ خیمے میں آگ گزشتہ روز شارٹ سرکٹ سے لگی۔ واقعہ میں 3 پاکستانی جھلس کر زخمی ہوئے جن کی حالت تسلی بخش ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے واقعہ عمان سے 40 کلومیٹر دور کرامہ شہر کے قریب پیش آیا۔ متاثرہ خاندان کا تعلق سندھ کے ضلع دادو اور جوئیہ خاندان سے ہے۔ خاندان کے سربراہ علی شیر جوئیہ واقعہ میں محفوظ رہے۔ یہ خاندان 1970 سے اردن میں مقیم ہے اور زراعت کے پیشے سے منسلک تھا۔ ترجمان دفتر خارجہ نے بتایا عمان میں پاکستانی سفارتخانہ متاثرین کے لواحقین کے ساتھ رابطے میں ہے۔ پاکستانی سفیر اور عملہ فوری معاونت کیلئے جائے وقوعہ پر پہنچے۔ اردن کی انتظامیہ بھی بھرپور مدد فراہم کر رہی ہے۔ مزید معلومات کے لئے پاکستانی سفارتخانے کے فوکل پرسنز مقرر کر دیئے گئے ہیں۔ سیکنڈ سیکرٹری حسنین حیدر سے 00962-796912676 نمبر پر رابطہ کیا جاسکتا ہے۔ ماجد امین ایڈیشنل اسسٹنٹ سے بھی 00962-796417462 نمبر پر رابطہ کیا جاسکتا ہے۔ دوسری طرف قائد حزب اختلاف شہبازشریف نے اردن میں گھر میں آگ لگنے کے واقعہ میں پاکستانیوں کے جاں بحق ہونے کی اطلاعات پر اظہار افسوس کیا۔ شہباز شریف نے کہا کرامہ کے علاقے میں بچوں سمیت دو پاکستانی خاندانوں کے ساتھ پیش آنے والے واقعہ پر دلی رنج اور افسوس ہے۔ حکومت پاکستان اردن میں پاکستانیوں کے ساتھ پیش آنے والے واقعہ پر فوری اقدامات کرے۔ قائد حزب اختلاف شہبازشریف بولے جاں بحق ہونے والوں کے لواحقین کی بھرپور اور مکمل مدد کی جائے۔ انہیں تمام سہولیات فراہم کی جائیںتحقیقات کی جائیں کہ واقعہ کے اصل محرکات کیا ہیں؟ زخمیوں کے بھرپور علاج کو یقینی بنایا جائے۔ دعا ہے کہ اللہ تعالی جاں بحق ہونے والوں کی مغفرت فرمائے اور لواحقین کو صبرجمیل دے۔