Monday, September 16, 2024

ارجنٹائنی سٹار فٹ بالر لیونل میسی نے ریٹائرمنٹ کا فیصلہ واپس لے لیا

ارجنٹائنی سٹار فٹ بالر لیونل میسی نے ریٹائرمنٹ کا فیصلہ واپس لے لیا
August 13, 2016
بیونس آئرس (ویب ڈیسک) پرستاروں کی محبت رنگ لے آئی۔ ارجنٹائن کے سٹار فٹ بالر لیونل میسی نے ریٹائرمنٹ کا فیصلہ واپس لے لیا۔ میسی اگلے ماہ سے پھر ایکشن میں نظر آئیں گے۔ تفصیلات کے مطابق دنیائے فٹ بال کے سٹار کھلاڑی لیونل میسی نے ریٹائرمنٹ کا فیصلہ واپس لینے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ کھیل کے میدان میں رہ کر ملک کی خدمت کرنا چاہتے ہیں۔ ارجنٹائن میں فٹ بال کو بہت سی مشکلات کا سامنا ہے اور وہ مزید مشکلات پیدا نہیں کرنا چاہتے۔ نہ ہی کسی نقصان کا حصہ بننا چاہتے ہیں۔ ان کا مقصد ارجنٹائن میں فٹ بال کے کھیل کی مدد کرنا ہے۔ لیونل میسی اگلے ماہ فٹ بال ورلڈ کپ کوالیفائرز مقابلوں کے لیے ارجنٹائن ٹیم کا حصہ ہوں گے۔ میسی نے دو ماہ قبل کوپا امریکا فٹ بال کپ کے فائنل میں چلی کے ہاتھوں شکست کے بعد ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا تھا۔ کوپا امریکا کے فائنل کا فیصلہ پینلٹی شوٹ آو¿ٹ پر ہوا جس میں لیونل میسی نے اپنی پینلٹی کک ضائع کر دی تھی۔ میسی کے ریٹائرمنٹ کے اعلان کے بعد ارجنٹائن کے عوام نے ان کے حق میں نہ صرف مظاہرے کیے بلکہ ریٹائرمنٹ واپس لینے کی پرزور اپیل کی۔ ان مظاہروں کے بعد ارجنٹائن کے صدر بھی میدان میں آگئے اور میسی سے فیصلہ واپس لینے کی اپیل کی۔ لیونل میسی جب بھی میدان میں اترتے ہیں مخالف ٹیم کے چار سے پانچ کھلاڑیوں کا کام صرف ان کا راستہ روکنا ہوتا ہے۔ لیونل میسی 113 میچوں میں ارجنٹائن کی جانب سے اب تک سب سے زیادہ 55 گول کرنے والے کھلاڑی ہیں۔