Wednesday, April 24, 2024

ارجنٹائن کے بعد آذربائیجان کی بھی جے ایف سیونٹین تھنڈر کی خریداری میں دلچسپی

ارجنٹائن کے بعد آذربائیجان کی بھی جے ایف سیونٹین تھنڈر کی خریداری میں دلچسپی
November 2, 2021 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) پاکستان کا جدید ترین لڑاکا طیارہ جے ایف سیونٹین تھنڈردنیا میں مقبولیت کے نئے ریکارڈ قائم کرنے لگا۔ ارجنٹائن کے بعد آذربائیجان نے بھی لڑاکا طیاروں کی خریداری میں دلچسپی کا اظہار کردیا۔ آذری دفاعی اتاشی نے 92 نیوز کے سوال پر تصدیق کردی۔

آرمینین جارحیت کے خلاف جنگ میں فتح، ناگورنوکاراباخ سمیت مقبوضہ علاقوں کی آزادی کا ایک سال مکمل ہونے پر آذربائیجان کے سفارتخانے میں سفیر خضار فرہادوو نے پریس کانفرنس کی۔ اِس موقع پر پاکستان سے جے ایف سترہ تھنڈر طیاروں کی ممکنہ خریداری بارے 92 نیوز کے سوال پر آذری دفاعی اتاشی نے طیاروں میں دلچسپی کی تصدیق کردی۔

آذری دفاعی اتاشی نے کہا کہ پاکستان سے جے ایف 17 تھنڈر طیاروں کی خریداری ہمارے ایجنڈے میں کلیدی نکتہ ہے۔ جائزہ لے رہے ہیں۔ جدید ترین بلاک تھری جے ایف 17 تھنڈر طیارے خریدنا چاہتے ہیں۔

آذربائیجان کے دفاعی اتاشی نے کہا کہ آذری فضائیہ اپنے اثاثوں خصوصاً لڑاکا طیاروں کی اپ گریڈیشن کے لیے کوشاں ہے۔ پاکستان کے ساتھ فضائی قوت کو جدید خطوط پر استوار کرنے کیلئے یکسوئی سے کام کر رہے ہیں۔ پاکستان ہر لحاظ سے اولین ترجیح ہے۔