Sunday, September 8, 2024

اربوں روپے کھا کر پن بجلی منصوبوں نے صرف بیس فیصد بجلی پیدا کی : دستاویزات

اربوں روپے کھا کر پن بجلی منصوبوں نے صرف بیس فیصد بجلی پیدا کی : دستاویزات
June 30, 2016
اسلام آباد (92نیوز) پن بجلی پیدا کرنیوالے 2 منصوبے بھی نندی پور منصوبہ کی طرح ناکام ہو گئے۔ 6سال میں صرف 20 فیصد پیداوار سے قومی خزانے کو 8 ارب کا ٹیکہ لگ گیا۔ تفصیلات کے مطابق 72 میگاواٹ کے خان خوار پن بجلی منصوبہ نے 6سال میں ہی ذلیل وخوار کر دیا۔ 10 ارب کی لاگت سے 2010ءمیں مکمل ہونیوالے اس منصوبے نے صرف 1 ارب 13 کروڑ یونٹ بجلی پیدا کی۔ دستاویزات کے مطابق 2سال سے 2ٹربائنز خراب پڑی ہیں۔ منصوبے پر 5ارب خرچ ہونا تھے مگر 5ارب مزید لگے۔ ایسا ہی کچھ حال ہے 96میگاواٹ والے جناح پن بجلی منصوبہ کا۔ یہ بھی مکمل ہوتے ہی ناکارہ ہو گیا۔ 2013ءمیں تعمیر ہونے والے اس منصوبہ نے 4ارب اضافی کھائے۔ 13ارب کے بجائے 17 ارب خرچ ہوئے۔ منصوبے کی انتظامیہ کاکہنا ہے کہ ایک سال سے 4 مشینیں بند ہیں۔ ان دونوں منصوبوں نے بجلی تو80فیصد پیدا کرنا تھی مگر یہ شاہکار 20فیصد ہی دے سکے۔ اچنبھے کی بات تو یہ ہے کہ دونوں منصوبوں کو تعمیر کرنیوالی کمپنی نندی پور بجلی گھر بھی تعمیر کرچکی۔ یہ وہی نندی پور منصوبہ ہے جو افتتاح کے اگلے روز ہی بند ہو گیا تھا۔ تحقیقات ہوئیں تو وجہ کرپشن اور نااہلی نکلی۔ اب وزارت پانی وبجلی نے خان خوار اور جناح پن بجلی منصوبوں کی خرابی پر بھی تحقیقات شروع کردی ہیں۔