Friday, March 29, 2024

اراکین پنجاب اسمبلی کی تنخواہوں میں اضافہ ،گورنر پنجاب کو دستخط کرنے سے روک دیا گیا

اراکین پنجاب اسمبلی کی تنخواہوں میں اضافہ ،گورنر پنجاب کو دستخط کرنے سے روک دیا گیا
March 14, 2019
اسلام آباد (92 نیوز) کفایت شعاری مہم کی خلاف ورزی پر وزیراعظم عمران خان کا بڑا ایکشن سامنے آیا۔ وزیراعظم نے اراکین پنجاب اسمبلی کی تنخواہوں میں اضافے کی سمری روکنے کی ہدایت کر دی اور گورنر پنجاب کو بھی دستخط کرنے سے روک دیا۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے بل دوبارہ ایوان میں لانے اور وزیراعلیٰ کو دی گئی لائف ٹائم مراعات پر نظرثانی کی ہدایت کر دی اور کہا وزیراعلیٰ کو پوری زندگی کے لیے گھر دینے کا فیصلہ مناسب نہیں۔ ادھر وزیراعظم کی طرف سے نوٹس لیے جانے کے بعد پنجاب کے ایوان اقتدار میں ہلچل مچ گئی۔ ذرائع کے مطابق بل میں نئی ترمیم لائی جائے گی۔ حکومتی سطح پر مراعات کی شق بل سے نکالنے پر اتفاق ہو گیا۔ اس سے قبل وزیراعظم عمران خان نے وزیراعلیٰ پنجاب اور اراکین اسمبلی کی تنخواہوں اور مراعات میں اضافے پر مایوسی کا اظہار کیا تھا۔ بل کی منظوری پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ عوام کو بنیادی ضروریات دینے کے قابل نہیں ،یہ فیصلہ نامناسب ہے۔ وزیراعظم نے اپنے ٹویٹ میں یہ بھی کہا کہ اگر ملک میں خوشحالی ہوتی تو یہ فیصلہ درست ہوتا۔ موجودہ صورتحال میں تنخواہوں میں اضافے کا کوئی جواز نہیں تراشا جا سکتا۔