Thursday, April 25, 2024

اراکین قومی اسمبلی کورونا سے نمٹنے کیلئے کوششیں بروئے کار لائیں، عثمان بزدار

اراکین قومی اسمبلی کورونا سے نمٹنے کیلئے کوششیں بروئے کار لائیں، عثمان بزدار
April 27, 2020
لاہور (92 نیوز) وزیر اعلیٰ سردار عثمان بزدار نے پنجاب کے اراکین قومی اسمبلی کے نام خط لکھ دیا، وزیر اعلیٰ نے خط میں کہا کہ کورونا وائرس کے خلاف مل کر ہی جنگ جیت سکتے ہیں، خط میں انہوں نے کہا امید ہے کہ اراکین قومی اسمبلی اپنی تمام ترکوششیں کورونا سے نمٹنے کیلئے بروئے کار لائیں۔ کورونا وائرس کے خلاف جنگ مشترکہ کاوشوں سے ہی جیتی جا سکتی ہے، اراکین کے نام لکھے خط میں عثمان بزدار نے کہا اجتماعی حکمت عملی سے اس مرض پر جلد قابو پانے میں مدد ملے گی۔ وزیر اعلیٰ نے اراکین کو لکھا کہ کورونا روکنے کیلئے حکومتی اقدامات کی مانیٹرنگ میں ان کا کردار خصوصی اہمیت رکھتا ہے، خط میں بتایا گیا کورونا کی وجہ سے غیرمعمولی حالات کا سامنا ہے،پنجاب حکومت نے ہر سطح پر مؤثر اقدامات کئے ہیں۔ وزیر اعلیٰ پنجاب نے آگاہ کیا کہ پنجاب میں کورونا کی روزانہ ٹیسٹ کرنے کی استعداد کار پانچ ہزار ہوچکی ہے، جبکہ بہت جلد یہ صوبہ روزانہ دس ہزار ٹیسٹ کرنے کی صلاحیت حاصل کرلے گا۔ پنجاب بھر میں قرنطینہ مراکز، فیلڈ اسپتال، آئسولیشن وارڈز اور ہائی ڈیپنڈنسی یونٹس قائم کئے جا چکے ہیں۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ رمضان المبارک میں ذخیرہ اندوزی اور گراں فروشی کی وجہ سے عام آدمی کو مشکلات کا سامنا ہے، اس صورتحال میں عوامی نمائندوں کی قومی ذمہ داری ہے کہ اپنے اضلاع میں انتظامیہ کے ساتھ مسلسل رابطہ رکھیں۔