Sunday, May 12, 2024

اراضی کی غیرقانونی منتقلی کیس، نیب نے مریم نواز کو 11 اگست کو طلب کرلیا

اراضی کی غیرقانونی منتقلی کیس، نیب نے مریم نواز کو 11 اگست کو طلب کرلیا
August 6, 2020
لاہور (92 نیوز) مسلم لیگ ن کی رہنماء مریم نواز کے گرد نیب کا شکنجہ سخت ہو گیا۔ جاتی امراء میں دو سو ایکڑ زمین کی غیرقانونی منتقلی کے کیس میں نیب لاہورنے گیارہ اگست کو طلب کر لیا۔ شریف خاندان کی مشکلات میں مزید اضافہ ہوگیا، مریم نواز کو دو سو ایکڑ زمین کی غیرقانونی منتقلی کیس میں نیب لاہورنے طلب کر لیا۔ ذرائع کے مطابق 2014ء میں جاتی امراء میں پانچ سو ایکڑ زمین شریف خاندان کے نام منتقل کی گئی، جن میں سے دو سو ایکڑ مریم نواز،سو ایکڑ نواز شریف اور سو ایکڑ شہباز شریف کے نام پر منتقل کی گئی۔ ذرائع نے بتایا یہ وہی جگہ ہے جہاں نواز شریف نے اپنی رہائش کیلئے پوری جاگیر بنا رکھی ہے اور مریم نواز بھی وہیں رہائش پذیر ہیں۔ ذرائع کے مطابق جاتی امراء کے اطراف کی زمین کو گرین لینڈ بھی قرار دے دیا گیا تاکہ وہاں کوئی عام شہری زمین نا خرید سکے۔ سابق ڈی جی ایل ڈی اے احد چیمہ کے دور میں ایل ڈی اے کے قواعد و ضوابط کو نظر انداز کر کے یہ زمین غیر قانونی طور پر منتقل کی گئی۔