Tuesday, May 14, 2024

اراضی کا تنازع ، پولیس نے شہزاد اکبر کے بھائی کو اراضی پر کام کرنے سے روک دیا

اراضی کا تنازع ، پولیس نے شہزاد اکبر کے بھائی کو اراضی پر کام کرنے سے روک دیا
January 21, 2020
 راولپنڈی (92 نیوز) مندرہ میں شہزاد اکبر کے بھائی اور ایک شہری کے درمیان اراضی کے تنازع میں پولیس نے شہزاد اکبر کے بھائی کو اراضی پر کام کرنے سے روک دیا۔ وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے احتساب شہزاد اکبر کے بھائی مراد اکبر پر راولپنڈی کے شہری ایڈوکیٹ  جواد سہراب نے فلور ملز پر قبضے کی کوشش کا الزام لگا دیا۔ ایڈوکیٹ جواد سہراب نے الزام عائد کیا ہے کہ شہزاد اکبر کے بھائی مراد اکبر نے 30 افراد کے ہمراہ جی ٹی روڑ مندرہ پر ان کی فلور ملز پر قبضے کی کوشش کی۔ متاثرہ شہری نے شہزاد اکبر کے بھائی مراد اکبر کے خلاف سول کورٹ راولپنڈی میں کیس دائر کر دیا۔ ایڈووکیٹ جواد سہراب کا کہنا ہے کہ زمین کی ملکیت 1986 سے حقیقی مالک سہراب خان ملک کے نام پر ہے۔ 10 کنال 5 مرلے زمین گزشتہ 34 سال سے ان کی ملکیت میں ہے۔ مراد اکبر نے جعلی کاغذات بنا کر زمین پر قبضے کی کوشش کی ۔ عدالت نے نوٹس جاری کرتے ہوئے مراد اکبر سے 6 فروری کو جواب طلب کرلیا۔ شہری جواد سہراب نے موقع پر بنائی گئی ویڈیو بھی شیئر کر دی۔ متاثرہ شہری جواد سہراب نے دعویٰ کیا کہ معاون خصوصی شہزاد اکبر نے آرپی او راولپنڈی،انٹیلی جنس بیورو،ریونیو ڈیپارٹمنٹ اور اسلام آباد پولیس سے رابطہ کر کے معاملہ رفع  کرنے کی کوشش کی۔ اسی زمین کے تنازع کی تحقیقات کرنے والے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو راولپنڈی رضوان قدیر کا تبادلہ اور ڈپٹی کمشنر راولپنڈی سیف اللہ ڈوگر کو عہدے سے ہٹا دیا گیا ہے۔