Friday, May 10, 2024

اراضی ریکارڈ سنٹرز پر کرپشن کے خاتمہ کیلئے ڈسپلن سخت

اراضی ریکارڈ سنٹرز پر کرپشن کے خاتمہ کیلئے ڈسپلن سخت
June 29, 2019
لاہور( ویب ڈیسک )اراضی ریکارڈ سنٹرز پر کرپشن کے خاتمے کیلئے پنجاب لینڈ ریکارڈ اتھارٹی نے ڈسپلن سخت کر دیا،افسروں اور ملازمین کیلئے بائیو میٹرک حاضری اورنام ٹیگ کو لازمی قرار دیدیا گیاجبکہ سروس ایریا میں بلاوجہ حرکت اور غیر ضروری چھٹیوں پر پابندی لگا دی گئی۔ ذرائع کے مطابق پنجاب لینڈ ریکارڈ اتھارٹی نے فیلڈ افسروں و ملازمین کیلئے ڈسپلن سخت کرتے ہوئے خلاف ورزی پر کڑا ایکشن لینے کا فیصلہ کیا ہے ۔تمام فیلڈ افسروں اور و ملازمین کوبائیومیٹرک حاضری یقینی بنانے کی ہدایت کیساتھ انتباہ کیا گیا ہے کہ ایک منٹ بھی تاخیر ہونے پر ان کو انکوائری کا سامنا کرنا پڑیگا جبکہ انکی غیر ضروری اور آدھے دن کی چھٹیاں اب سے بند ہیں۔ ڈائریکٹر جنرل شوکت علی اور چیئرمین پی ایل آر اے احمد علی خان دریشک کی سربراہی میں ایک اہم اجلاس میں کئے جانیوالے مذکورہ فیصلوں سے متعلق صوبہ بھر کے سروس سنٹر انچارجز کو آگاہ کر دیا گیا ہے ۔ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل پنجاب لینڈ ریکارڈ اتھارٹی کی طرف سے جاری مراسلہ میں کہا گیا ہے کہ ہر فیلڈ افسر و ملازم اراضی ریکارڈ سنٹر پر بائیومیٹرک کو یقینی بنائے اور اگر کوئی ایک منٹ بھی لیٹ ہوا تو اس سے پوچھ گچھ کی جائیگی جس کی تاخیر سے آنیوالے سٹاف ممبر کو وجہ دینا ہو گی ۔ آفس آنے اور جانے پر بائیو میٹرک حاضری یقینی بنائی جائے ۔ہر ہفتے کے آخر پر اور مہینے کی آخری تاریخ کو کارکردگی رپورٹ تیار کی جائیگی اور بری کارکردگی دیکھانے والے افسروں اور ملازمین کا احتساب کیا جائیگا ۔ تمام سٹاف ممبرز پر لازم قرار دیا گیا ہے کہ وہ اپنے نام کا ٹیک لگائیں گے جس سے پہچان ہو سکے گی کہ متعلقہ ملازم سروس سنٹرا نچارج ہے یا سروس سنٹر آفیشل ہے ۔کلاس فور کے ملازمین کیلئے وردی پہننا ضروری ہے ۔