Friday, April 26, 2024

ادویات کی قیمتوں پر 72 گھنٹے کا الٹی میٹم ختم ، دواؤں کی قیمتیں کم نہ ہوئیں

ادویات کی قیمتوں پر 72 گھنٹے کا الٹی میٹم ختم ، دواؤں کی قیمتیں کم نہ ہوئیں
April 14, 2019

 اسلام آباد (92 نیوز) ادویات کی قیمتوں پر وزیراعظم عمران خان کی طرف سے دی گئی 72 گھنٹوں کی ڈیڈ لائن گزر گئی لیکن ادویات کی قیمتوں میں کمی نہ ہو سکی۔

 نائنٹی  ٹو نیوز نے وفاقی وزیر صحت عامر کیانی سے رابطہ کیا تو وزیر موصوف  نےآج ورکنگ ڈے نہ ہونے کا بہانہ بناتے ہوئے بات اگلے دن پر ڈال دی۔

 ادویات پہنچ سے باہر ہونے پرغریب مریضوں  کو جان کے لالے پڑگئے۔ شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ وزیراعظم صرف زبانی جمع خرچ کے بجائے ایسے اقدامات اٹھائیں جس سے غریب عوام کو ریلیف مل سکے۔

 وزیر اعظم نے ادویات کی قیمتوں میں اضافے پر نوٹس لیتے ہوئے بہتر گھنٹوں میں قیمتوں میں کمی کی ہدایت کی تھی۔ وزیر اعظم کی ہدایت کے باوجود قیمتوں کی مہنگے داموں فروخت جاری ہے۔

 میڈیکل اسٹورز پر بخار کا سیرپ ایک سو چالیس سے  بڑھ کر ایک سو پچانوے روپے میں فروخت ہو رہا ہے۔ کھانسی کا شربت 98 روپے سے ایک پچاس تک پہنچ گیا ہے۔ شوگر کی سو روپے میں ملنے والی دوائی دو سو روپے میں بیچی جارہی ہے۔

 کونکور، ٹرائی فورج، گریوی بی نان انجکشن،اریتھروسین کی قیمتوں میں کئی گنا اضافہ کیا گیا  ہے۔ شوگر، ٹی بی ،سردرد،امراض قلب کی ادویات بھی مہنگی فروخت کی جارہی ہیں۔

ادویات کی مہنگے داموں فروخت کے ساتھ ساتھ  مصنوعی قلت بھی پیدا کر دی گئی ہے۔