Tuesday, April 16, 2024

ادویات مہنگی کرانے میں بااثر مافیا ملوث ہونے کا انکشاف

ادویات مہنگی کرانے میں بااثر مافیا ملوث ہونے کا انکشاف
January 13, 2019
 لاہور (92 نیوز) ملک بھر میں ادویات مہنگی کرانے میں بااثر مافیا ملوث ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔ ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی کی جانب سے  ادویات کی قیمتیں بڑھانے کے نوٹیفکیشن سے پچیس دن پہلے ہی قیمتوں میں نہ صرف بیس فیصد تک اضافہ کیا گیا بلکہ زیادہ استعمال  ہونے والی ادویات کی مصنوعی قلت بھی پیدا کی گئی۔ حکومتی اعلان کے بعد قیمتوں میں نو فیصد سے لیکر پندرہ فیصد کی بجائے 30 سے لیکر 37 فیصد تک اضافہ کر دیا گیا۔ ذرائع کے مطابق سب سے زیادہ اضافہ پاکستان کے اندر ہی بننے والی ادویات کی قیمتوں میں کیا گیا ہے۔ جب کہ پاکستان کے اندر ادویات بنانے والی کمپنیوں میں سے 48 فیصد کمپنیاں مختلف سیاسی جماعتوں کے اراکین اسمبلی اور رہنماؤں کی ملکیت ہیں تو وہیں23فیصد کمپنیاں پرائیویٹ اسپتالوں کے مالکان اور بڑے اسپتالوں میں لگے ہوئے۔ اہم عہدوں پر فائز ڈاکٹرز یا ان کے قریبی عزیزوں کی ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ لوپلیٹ ،اسکارڈ ،اسکارڈ پلس، ویلیسف، ٹونو فلیکس سمیت 55 ایسی ادویات ہیں جن کی قیمتوں میں ایک ماہ پہلے ہی بیس فیصد تک اضافہ کر دیا گیا تھا۔ اب حکومتی اعلان کے بعد دوبارہ اضافہ کر کے قیمتیں 30 سے 35 فیصد تک بڑھ گئی ہیں۔