Sunday, May 19, 2024

اداکارہ میرا کے وارنٹ گرفتاری جاری

اداکارہ میرا کے وارنٹ گرفتاری جاری
June 12, 2015
لاہور(92نیوز)صوبائی دارالحکومت  کی مقامی عدالت نے عدالتی احکامات پر عمل درآمد نہ کرنے پر اداکارہ میرا کے وارنٹ گرفتاری جاری کر دیئے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق سول جج واجد منہاس نے یہ حکم میرا کے شوہر ہونے کے دعویدار عتیق الرحمان کے استغاثہ کی سماعت کرتے ہوئےدیا۔ استغاثہ میں یہ دعوی کیا گیا ہے کہ میرا اسکی بیوی ہے اس لیے وہ نکاح پر نکاح نہیں کر سکتی۔ عدالت نے استغاثہ پر کارروائی کے دوران میرا کو کئی مرتبہ عدالت میں طلب کیا لیکن وہ پیش نہیں ہوئی۔ حکم عدولی پر عدالت نے میرا کے ورانٹ گرفتاری جاری کر دیئےعدالت نے ڈیفنس پولیس کو ہدایت کی کہ آئندہ سماعت پر اداکارہ کی عدالت حاضری کو یقینی بنایا جائے ۔ عدالت نے استغاثہ سے پر مزید کارروائی 17 جولائی تک ملتوی کر دی۔ واضح رہے کہ  اداکارہ میرا اور فیصل آباد کے بزنس مین عتیق الرحمان کے درمیان تنازع ستمبر 2009 میں اس وقت شروع ہوا جب میرا نے ایک پریس کانفرنس میں گھر پر قبضے کاالزام عتیق الرحمان پر لگایا۔ ادھر عتیق الرحمان کا کہنا ہے کے میرا اسکی بیوی ہے اور اس نے ڈیفنس ڈی بلاک میں ایک بنگلہ اور قیمتی سامان اداکارہ کو تحفے میں دیالیکن میرا نے جعل سازی کے ساتھ یہ گھر اپنے نام کروا لیا۔