Saturday, September 7, 2024

میرا کی نئی فلم اپریل فول کے روز ریلیز ہو گی‘ وزیراعظم کو دیکھنے کی دعوت

میرا کی نئی فلم اپریل فول کے روز ریلیز ہو گی‘ وزیراعظم کو دیکھنے کی دعوت
March 15, 2016
لاہور (92نیوز) اداکارہ میرا نے اپریل فول کے روز اپنی نئی فلم ریلیز کرنے کا اعلان کر دیا اور ساتھ ہی فلم کی بات کرتے کرتے قومی کرکٹرز کو جیت کے مشورے دے ڈالے۔ ان کا کہنا ہے کھلاڑی اسی طرح ہی ورلڈ کپ میں جوہر دکھائیں جس طرح پاکستانی فنکاروں نے بھارت میں اپنا ڈنکا بجایا۔ تفصیلات کے مطابق اپنی رہائشگاہ پر پریس کانفرنس کرتے ہوئے میرا نے بتایا کہ فلم اچھوتے اور حساس موضوع پر بننے والی معاشرتی المیے کی کہانی ہے جسے ناصرف دہلی فلم فیسٹیول میں سراہا گیا بلکہ بیسٹ فلم اور انہیں بیسٹ ایکٹریس کے ایوارڈ سے بھی نوازا جا چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ خواہش ہے کہ وزیراعظم بھی اس فلم کو ضرور دیکھیں۔ پریس کانفرنس میں میرا نے پینترا بدلا اور فلم سے سیدھا کرکٹ پر آگئیں۔ ورلڈ ٹی ٹوینٹی میں پاک بھارٹ ٹاکرا پر بات کرتے ہوئے میرا نے کھلاڑیوں کو کمال کا مشورہ دے ڈالا۔ کہتی ہیں جس طرح پاکستانی اداکاروں نے بھارت میں اپنا لوہا منوایا اسی طرح کرکٹرز کو بھی بغیر کسی دباو کے میدان میں اترنا چاہئے۔ اداکارہ میرا پہلے تو اس بات پر بضد رہیں کہ وہ ایک ساتھ صحافیوں سے گفتگو نہیں کریں گی۔ بڑی دیر نخرے دکھانے کے بعد پریس کانفرنس شروع کی تو انتہائی محتاط رہیں کہ انکے زبان سے انگلش کو کوئی ایسا غلط لفظ نہ پھسل جائے جسے میڈیا پکڑ لے۔