Thursday, April 18, 2024

اداکارہ رانی کو مداحوں سےبچھڑے27برس بیت گئے

اداکارہ رانی کو مداحوں سےبچھڑے27برس بیت گئے
May 27, 2020
 لاہور (92 نیوز) فلموں میں کامیابی کی ضمانت سمجھی جانے والی لالی ووڈ کی رانی کو مداحوں سے بچھڑے 27 برس بیت گئے۔ رانی نے اردو کے علاوہ پنجابی فلموں میں بھی صلاحیتوں کا لوہا منوایا۔ لالی وڈ میں رانی کے نام سے جانی جانے والی معروف اداکارہ کا اصل نام ناصرہ تھا جس نے 1946 میں لاہور میں آنکھ کھولی۔ بچپن سے ہی اداکاری کا خواب آنکھوں میں سجائے اس اداکارہ کو ہدایتکار انور کمال پاشا نے اپنی فلم محبوب میں متعارف کروایا ۔ کہتے ہیں ہر کامیابی سے پہلے ناکامی راستے میں آتی ہے یہ مرحلہ اداکارہ رانی نے نہایت ہمت و حوصلے سے طے کیا۔ رانی کی پہلی دس فلمیں ناکامی سے دوچار ہوئیں۔ ایک وقت ایسا بھی آیا جب رانی پر ناکامی کے سائے گہرے ہوئے لیکن انہوں نے ہمت نہیں ہاری اور کوشش جاری رکھی ۔ چاکلیٹی ہیرو وحید مراد ان کے لیے خوش قسمت ثابت ہوئے۔ 1967 میں فلم دیور بھابھی ان کے لیے کامیابی کا دروازہ ثابت ہوئی جس میں انہوں نے ایک منفی کردار نبھا کر ثابت کیا کہ وہ بھی کسی سے کم نہیں۔ اگلے ہی برس ہدایتکار حسن طارق کی فلم دیور بھابھی  نے کامیابی کے جھنڈے گاڑے اور اس کا گانا اے رات بتا کیا ان سے کہے تو سپرہٹ ثابت ہوا۔ اداکارہ رانی کی خاص بات رقص میں ان کی کمال مہارت تھی ۔ کئی فلمیں صرف ان کے رقص کی بدولت ہی  عوام کے توجہ کا مرکز بنی۔ رانی کی سپرہٹ فلموں میں امراؤ جان ادا ، بہارو پھول برساؤ ، اک گناہ اور سہی، ناگ منی، ثریا بھوپالی قابل ذکر ہیں۔ رانی نے اردو کے علاوہ پنجابی فلموں میں بھی اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا۔ فلموں میں بے انتہا کامیابی کے باوجود رانی کی ازدواجی زندگی  آزمائشوں سے بھرپور رہی۔ لالی وڈ کی رانی کینسر سے لڑتے لڑتے بالاآخر 27 مئی 1993 کو 46 برس کی عمر میں انتقال کر گئیں۔