Friday, May 10, 2024

اداکارہ رانی کو بچھڑے اٹھائیس برس بیت گئے

اداکارہ رانی کو بچھڑے اٹھائیس برس بیت گئے
May 27, 2021

لاہور (92 نیوز) لازوال گیتوں کو اپنے رقص سے امر کرنے والی اداکارہ رانی کو بچھڑے اٹھائیس برس بیت گئے۔

اداکارہ رانی نے 8 دسمبر 1946 کو لاہور میں آنکھ کھولی۔ رانی کا اصل نام ناصرہ تھا۔ کہتے ہیں ناکامی کامیابی کی پہلی سیڑھی ہوتی ہے، ایسا ہی کچھ اداکارہ رانی کے ساتھ ہوا۔

رانی کی ابتدائی دس فلمیں ناکام ثابت ہوئیں لیکن چاکلیٹی ہیرو وحید مراد کے ساتھ 1967 میں آنے والی فلم دیور بھابھی سے ان کی قسمت کا ستارہ چمک اٹھا۔

رانی کو بام عروج فلم انجمن سے ملا جس کے بعد انہوں نے کبھی پیچھے مڑ کر نہیں دیکھا۔ ان کے کیریئر کی سب سے کامیاب فلم امرائو جان ادا رہی۔ فلموں میں بے انتہا کامیابی کے باوجود رانی ازدواجی زندگی کے سکون سے محروم رہیں۔

 انہوں نے تین شادیاں کیں۔ انہیں کینسر جیسا جان لیوا مرض لاحق تھا جس کے باعث وہ 27 مئی 1993 کو 46 برس کی عمر میں انتقال کر گئیں۔