Friday, April 19, 2024

اداکارہ دردانہ بٹ کا کینسر کے باعث انتقال، کراچی میں سپرد خاک

اداکارہ دردانہ بٹ کا کینسر کے باعث انتقال، کراچی میں سپرد خاک
August 12, 2021 ویب ڈیسک

کراچی (92 نیوز) اپنی لازوال اداکاری سے دیکھنے والوں پر سحر طاری کرنےوا لی 83 سالہ دردانہ بٹ کینسر کے باعث انتقال کرگئیں، ان کی نماز جنازہ سلطان مسجد جبکہ تدفین ڈیفنس فیز ایٹ کے مقامی قبرستان میں کی گئی۔

پاکستان ٹیلی ویژن کا ایک اور درخشاہ ستارہ ٹوٹ گیا۔ لیجنڈ اداکارہ دردانہ بٹ بھی اس دنیا سے رخصت ہوگئیں۔

دردانہ بٹ کی نماز جنازہ ڈیفنس میں مقامی مسجد میں ادا کی گئی جس میں شریک اداکار قصیر خان نظامانی اور سلیم معراج نے دردانہ بٹ کے انتقال کو ایک عظیم نقصان قرار دیا جبکہ اُن کے چھوٹے بھائی خرم بٹ نے بھی اپنی بہن کی تعریف کی۔

دردانہ بٹ کے فنی سفر کی بات کی جائے تو انھوں نے ففٹی ففٹی اورآنگن ٹیڑھا جیسے شاہکار ڈراموں میں اپنی کامیڈی ٹائمنگ سے ہر ایک کو متاثر کیا جبکہ تنہائیاں، نجات،انہونی جیسے کلاسک ڈراموں میں بھی وہ اپنے فن کی بلندیوں پر نظرآئیں۔

تیراسی سالہ دردانہ بٹ طویل عرصے سے کینسر کے مرض میں مبتلا تھیں جبکہ گذشتہ دو ہفتوں سے وہ نجی اسپتال میں زیر علاج تھی ان کی تدفین ڈیفنس فیز ایٹ کے مقامی قبرستان میں کی گئی۔