Thursday, April 25, 2024

اداکار معین اختر کو چاہنے والوں سے بچھڑے 7 برس بیت گئے

اداکار معین اختر کو چاہنے والوں سے بچھڑے 7 برس بیت گئے
April 22, 2018
کراچی (92 نیوز) خوش اخلاقی جن کی پہچان، روٹھوں کو منانا جس کا کام، ہنسنا، ہنسانا، دل جیت جانا، ان صلاحیتوں اور عمدہ کردار کے مالک پاکستان کے عالمی شہرت یافتہ اداکار معین اختر کو ہم سے بچھڑے سات برس بیت گئے۔ ان کی حسین یادیں آج بھی دلوں پر راج کر رہی ہیں۔ اداکار معین اختر چوبیس دسمبر انیس سو پچاس کو کراچی میں پیدا ہوئے اور کامیڈی سے فنی سفر کا آغاز کیا، پھر میزبانی اور اداکاری میں بھی کامیابی کے جھنڈے گاڑے۔ معین اختر نے ٹی وی اور اسٹیج کے یادگار ڈراموں میں ایسی جاندار اداکاری کی کہ  دیکھتے ہی دیکھتے زمانہ ان کا دیوانہ ہو گیا۔ ان کے مشہور ڈراموں میں روزی ' ہاف پلیٹ 'مکان نمبر سینتالیس 'سچ مچ 'عید ٹرین اور بندر روڈ سے کیماڑی شامل ہے۔ خداداد صلاحیتوں کے مالک معین اختر کو انگریزی 'سندھی 'پنجابی' میمنی اور پشتو سمیت کئی زبانوں پر عبور حاصل تھا۔ وہ جس قدر عمدہ اداکار تھے، اتنے ہی نفیس انسان بھی تھے، انہیں پرائڈ آف پرفارمنس سمیت کئی ایوارڈز سے نوازا گیا۔ پاکستان کا یہ ستارہ بائیس اپریل دو ہزار گیارہ کو کراچی میں ڈوب گیا۔