Friday, April 19, 2024

اداکار جاوید کوڈو پر فالج کا حملہ‘ دماغ کی شریان پھٹ گئی‘ حالت خطرے سے باہر

اداکار جاوید کوڈو پر فالج کا حملہ‘ دماغ کی شریان پھٹ گئی‘ حالت خطرے سے باہر
May 24, 2016
لاہور (92نیوز) اسٹیج اور فلموں کے معروف اداکار جاوید کوڈو برین ہیمرج کا شکار ہو گئے۔ تشویش ناک حالت میں لاہورکے جنرل اسپتال منتقل کر دیا گیا۔ حکومت پنجاب نے علاج کےلئے خصوصی میڈیکل بورڈ تشکیل دینے کی ہدایات جاری کر دیں۔ تفصیلات کے مطابق ڈرامہ سیریل ”خواہش“ سے شہرت پانے والے اداکار جاوید کو ”کوڈو“ کا نام اسی ڈرامے سے ملا۔ درجنوں ٹی وی ڈراموں میں اداکاری کے جوہر دکھا کر شہرت پانے کے بعد جاوید کوڈو نے اسٹیج کا رخ کیا اور اپنا لوہا منوایا۔ تیس سال سے زائدفلم‘ اسٹیج اور ٹی وی پر فن کا مظاہرہ کرنے والے جاوید کوڈو پر منگل کے روز لاہور کے مقامی اسٹوڈیو میں دوران ریکارڈنگ فالج کا اٹیک ہوا جس سے ان کے دماغ کی شریان پھٹ گئی۔ اداکار کو تشویشناک حالت میں جنرل اسپتال منتقل کیا گیا جہاں ان کی حالت خطرے سے باہر بتائی جاتی ہے۔ حکومت پنجاب نے سینئر اداکار کے علاج کےلئے خصوصی میڈیکل بورڈ تشکیل دینے کے احکامات جاری کر دیے ہیں۔ یہ بورڈ ایک ہفتے میں چیک اپ مکمل کر کے اپنی رپورٹ پیش کرے گا۔