Saturday, April 20, 2024

ادارے ایک دوسرے کے اختیار کے درپے ہیں، فواد چودھری

ادارے ایک دوسرے کے اختیار کے درپے ہیں، فواد چودھری
December 2, 2019
اسلام آباد (92 نیوز) پاکستان کے سیاسی نظام میں ارتعاش پیدا ہوگیا، ادارے ایک دوسرے کے اختیارکے درپے ہیں، وفاقی وزیر فواد چودھری نے انکشافات کرتے ہوئے کہا کہ ملک کے تینوں اداروں کے سربراہان کو مل بیٹھ کر بات چیت کا مشورہ دے دیا۔ اسلام آباد میں تقریب کے بعد وفاقی وزیر فواد چودھری نے میڈیا سے گفتگو میں انکشافات کرتے ہوئے بڑوں کو مل بیٹھ کر بات چیت کی تجویز دے دی۔ وفاقی وزیرنے کہا کہ ملک کے تینوں اداروں کے سربراہان مل بیٹھیں، اہم بات یہ ہے کہ ہم آپس میں ڈائیلاگ کریں، وزیراعظم، آرمی چیف اور چیف جسٹس چاہتے ہیں ادارے مضبوط ہوں۔ انہوں نے کہا کہ وقت کی ضرورت ہے ایک قومی ڈائیلاگ ہونا چاہیے جس میں نئے آنے والے چیف جسٹس، جسٹس گلزار کو بھی شامل کیا جائے۔ فواد چودھری نے دعوی کیا کہ آرمی ایکٹ میں ترامیم اور الیکشن کمیشن ممبران پر اتفاق رائے ہوگیا۔ جنرل قمر جاوید باجوہ کو توسیع دینے کے لیے آرمی ایکٹ میں ترمیم کے معاملے پر اتفاق رائے ہے۔ مزید بولے کہ الیکشن کمیشن ممبران کے ناموں پر اتفاق رائے ہوگیا ہے، چیف الیکشن کمشنر کے معاملے پر بھی جلد اتفاق رائے ہو جائیگا۔ فواد چودھری نے کرکٹ پر بھی بات کرتے ہوئے ٹیم کی ناقص کارکردگی کا ذمہ دار بورڈ کو قرار دے دیا اور کہا کہ اب پی سی بی کو کچھ کرنا پڑے گا۔