Friday, April 26, 2024

ادارے اپنی حدود میں رہ کر کام کریں تو معاملات خراب نہیں ہونگے، خراب صورتحال مشرف سے ورثے میں ملی: وزیراعلیٰ سندھ

ادارے اپنی حدود میں رہ کر کام کریں تو معاملات خراب نہیں ہونگے، خراب صورتحال مشرف سے ورثے میں ملی: وزیراعلیٰ سندھ
December 24, 2015
کراچی (نائنٹی ٹو نیوز) وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے کہا ہے کہ اگر ادارے اپنی حدود میں رہ کر کام کریں تو معاملات خراب نہیں ہوں گے۔ امن وامان کی خراب صورتحال سندھ حکومت کو مشرف سے ورثے میں ملی تھی۔ وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ سے سندھ کی نومنتخب بار ایسوسی ایشنز کے وفد نے ملاقات کی۔ ملاقات میں وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ اگر ادارے اپنی حدود میں رہ کر کام کریں تو معاملات بہتر انداز میں چلتے رہیں گے۔ بے امنی اور دہشت گردی مشرف دور سے ورثے میں ملی ہے۔ مشرف کے دور میں کور کمانڈر پر حملہ، نشتر پارک سانحہ اور خود پرویز مشرف پر حملے ہوتے رہے ہیں۔ وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ اب نیشنل ایکشن پلان کی وجہ سے امن وامان قائم ہوا ہے جس کے پیچھے وزیراعظم نوازشریف، آرمی چیف جنرل راحیل شریف اور پی پی حکومت کا عزم اور سچائی شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ بعض لوگ رینجرز اختیارات پر سیاست کر رہے ہیں جنہیں جلد ناکامی ہو گی۔ وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت نے پانچ ارب روپے کی لاگت سے جو ٹراما سینٹر بنایا تھا ایسا پورے ملک میں نہیں ہے۔ وزیراعلیٰ نے وکلاء رہنماؤں کو ہائیکورٹ، ملیر اور کراچی بار کی مالی معاونت اور مسائل کے حل کی یقین دہانی بھی کرائی۔