Saturday, May 11, 2024

اداروں کی نا اہلی اہلیان کراچی کیلئے عذاب بن گئی

اداروں کی نا اہلی اہلیان کراچی کیلئے عذاب بن گئی
September 15, 2019
کراچی ( 92 نیوز) کراچی میں اداروں کی نا اہلی  شہریوں کے لئے عذاب بن گئی، کورنگی انڈسٹریل ایریا کی مرکزی سڑک گڑھوں میں غائب ہو گئی، سیوریج کا نظام بھی تباہ ہونے سے سڑک ہی نالے میں تبدیل ہو گئی۔ کراچی کے شہریوں کو ایک کے بعد ایک مسئلہ در پیش ہے ، اداروں کی نا اہلی کے باعث اہلیان کراچی عذاب کا شکار ہیں  ، کہیں کچرا ہے ،  کہیں پینے کو پانی نہیں تو کہیں  گندے پانی میں پوری کی پوری سڑک ہی غائب ہے ۔ کورنگی انڈسٹریل ایریا کی سڑک کا بھی کوئی پرسان حال نہیں، سیوریج کا نظام تباہ ہو چکا ہے جب کہ  جگہ جگہ گڑھوں کے باعث سڑک کا نام و نشان بھی  مٹ گیا۔ انڈسٹریل ایریا سے گزرنے والی ہیوی ٹریفک کے لئے گزرنا محال ہے تو شہری بھی اس سڑک سے سفر کرنے سے پناہ مانگتے ہیں۔ سڑک کی جگہ سیوریج کے پانی سے بھرے نالے سے گزرنا بھی کسی امتحان سے کم نہیں ، اور سڑک کی یہ حالت کچھ دن قبل نہیں ہوئی بلکہ عرصہ سے  اس  حالت میں ہے مگر کسی  بلدیاتی ، صوبائی یا حکومتی رکن کو اس کی مرمت و بحالی کا خیال نہیں آتا جب کہ شہری ہیں کہ  روز ذلت و خواری کا شکار ہو رہے  اور حکمرانوں کو کوسنے دیتے نظر آتے ہیں ۔ شہریوں  کا کہنا ہے کہ  ملک کا سب سے زیادہ ریونیو دینے والا شہر کراچی تو سب کا ہے مگر کراچی کا کوئی نہیں ۔