Saturday, May 11, 2024

اختیارات کا ناجائز استعمال ، سعودی عرب میں متعدد اعلیٰ عہدیدار برطرف

اختیارات کا ناجائز استعمال ، سعودی عرب میں متعدد اعلیٰ عہدیدار برطرف
August 21, 2020
 ریاض (92 نیوز) اختیارات کے ناجائز استعمال پر سعودی عرب میں متعدد اعلیٰ عہدیدار برطرف کر دیئے گئے۔ شاہی فرمان کے تحت مبینہ بدعنوانی اور بدانتظامی پر بعض عہدیداروں کو ریٹائر کرکے تحقیقات شروع کر دی گئیں۔ سعودی پریس ایجنسی کے مطابق رائل کمیشن فارالعلا گورنریٹ، ریڈ سی کمپنی اور سودہ ڈویلپمنٹ کمپنی کے بحیرہ احمر پراجیکٹ کی اراضی پر اختیارات کے ناجائز استعمال کی پانچ ہزار شکایات موصول ہوئی تھیں۔ عہدے سے ہٹائے گئے افراد میں ڈائریکٹر جنرل آف بارڈرسکیورٹی لیفٹیننٹ جنرل  عوادبن عید بن عودا الباوی، املج اور الوجہ کے گورنر، سودہ مرکز کے چیئرمین ، املج اور الوجہ کے بارڈر گارڈ سیکٹر کے کمانڈر، وزارت داخلہ کے عہدیدار، تبوک ،املج ، الوجہ اور السودہ کے میئرز شامل ہیں۔ رپورٹ کے مطابق ان کمپنیوں  کی طرف سےغیرمجاز اقدامات کے نتیجے میں علاقے میں ماحولیاتی مشکلات میں اضافہ ہوا جس کے بعد  کمپنیوں اور دوسرے اداروں کے عہدیداروں کو برطرف یا ریٹائر کرنے کے احکامات جاری کیے گئے۔ جن عہدیداروں کو ہٹایا گیا ہے ان پر لگے الزامات کی تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔