Thursday, April 18, 2024

اختیارات محدود !!! رینجرز کرپشن کیخلاف کارروائی نہیں کر سکے گی

اختیارات محدود !!! رینجرز کرپشن کیخلاف کارروائی نہیں کر سکے گی
December 20, 2015
کراچی (92نیوز) سندھ میں رینجرز کے اختیارات کا اونٹ کس کروٹ بیٹھے گا۔ سندھ سرکار نے ہوشیاری سے گیند وفاق کے کورٹ میں ڈال دی۔ اختیارات کی سمری منظوری کے لئے وفاقی وزارت داخلہ کو بھجوا دی گئی۔ تفصیلات کے مطابق سندھ میں رینجرز کے اختیارات کا معاملہ ٹیڑھی کھیر بنتا جا رہا ہے۔ سندھ حکومت کی میں نہ مانوں کی رٹ برقرار ہے۔ ڈاکٹر عاصم کو بچانا مقصود ہے یا کوئی اور مصلحت۔ سندھ اسمبلی سے رینجرز کے مشروط اختیارات کی قرارداد کی منظوری کے بعد وزیراعلیٰ سندھ قائم علی شاہ نے سمری پر دستخط کر دیے جس کے بعد محکمہ داخلہ سندھ نے سمری حتمی منظوری کے لئے وفاقی وزارت داخلہ کو بھجوا دی ہے۔ ذرائع کے مطابق آئین کا آرٹیکل 147 اور انسداد دہشت گردی ایکٹ یہ دونوں وفاقی قوانین ہیں اس لئے سمری کی حتمی منظوری بھی وفاق ہی دے گا۔ کراچی میں رینجرز کے اختیارات کا نوٹیفیکیشن اب وفاقی وزارت داخلہ کی منظوری کے بعد ہی جاری کیا جائے گا۔ اگر وفاقی حکومت نے ان محدود اختیارات کی منظوری نہ دی تو حالات گمبھیر صورتحال اختیار کر جائیں گے۔