Tuesday, April 23, 2024

اختیارات اور دفاتر نہ ملنے پر پشاور کے ناظمین بدستور سراپا احتجاج، شوکت خانم ہسپتال کے سامنے احتجاج کا اعلان

اختیارات اور دفاتر نہ ملنے پر پشاور کے ناظمین بدستور سراپا احتجاج، شوکت خانم ہسپتال کے سامنے احتجاج کا اعلان
December 29, 2015
پشاور (نائنٹی ٹو نیوز) اختیارات اور دفاتر نہ ملنے پر خیبرپختونخوا کے ناظمین بپھر گئے۔ مختلف اضلاع کے ناظمین احتجاج کے لئے پشاور آئے تو پورا دن احتجاج کے بعد وزیراعلیٰ نے ان کے ساتھ مذاکرات کئے، یہ مذاکرات تو کامیاب ہو گئے مگر پشاور سے تعلق رکھنے والے ناظمین بدستور سراپا احتجاج ہیں۔ مردان سے تعلق رکھنے والے ناظمین نیبر ہوڈ اور ویلج کونسل ناظمین نے دفاتر نہ ملنے، فنڈز کی عدم فراہمی اور کونسل سیکرٹریز کی تقرری نہ ہونے کے خلاف احتجاج کیا اور عمران خان کی پشاور آمد کے موقع پر احتجاجی مظاہرے کی دھمکی دے دی۔ ناظمین کی دھمکی کام آہی گئی۔ ناظمین کو وزیراعلیٰ نے مذاکرات کے لئے بلایا اور ان کے جملہ مسائل پانچ جنوری سے قبل حل کرانے کی یقین دہانی کرا دی۔ مردان کے ناظمین نے تو آج عمران خان کی پشاور آمد پر احتجاجی مظاہرے کی کال واپس لے لی مگر پچھلے دو ہفتوں سے احتجاج کرنے والے پشاور کے ناظمین کو کسی نے نہیں پوچھا۔ پشاور کے ناظمین نے آج شوکت خانم ہسپتال کے سامنے احتجاج کا اعلان کر دیا ہے۔ ان ناظمین کے بقول جب تک ان کے دفاتر کا انتظام نہیں کیا جاتا اور فنڈز نہیں ملتے ان کا احتجاج جاری رہے گا۔