Thursday, April 25, 2024

احمد فراز کی آج 88ویں سالگرہ منائی جا رہی ہے

احمد فراز کی آج 88ویں سالگرہ منائی جا رہی ہے
January 12, 2019
اسلام آباد  ( 92 نیوز)شاعری کے میدان میں منفرد مقام حاصل کرنے والے برصغیر پاک و ہند کے ممتاز شاعر احمد فراز کی آج 88ویں سالگرہ منائی جارہی ہے، احمد فراز نے ہمیشہ جمہوریت کی حمایت کی۔ اب کے ہم بچھڑے تو شايد کبھي خوابوں ميں مليں جس طرح سوکھے ہوئے پھول کتابوں ميں مليں اس جیسے سینکڑوں خوبصورت اشعار کے خالق، آبروئے غزل احمد فراز 1931ء کو آج ہی کے دن کوہاٹ میں پیدا ہوئے ،احمد فراز آنکھ سے تو دور ہو گئے لیکن دل سے نہیں اترے۔ احمد فراز نے آخری سانسوں تک دنيائے شعر و ادب پر راج کيا۔ فراز نے محبت کے لازوال جذبے کو نغموں ميں ڈھال کر تصوير يار کے پيکر تراشے، محبوبيت کی ادا اور عشق کی انا کے سہارے ہجر و وصال کے موسموں کو لفظوں کے قالب میں ڈھالا۔ احمد فراز  ادبی خدمات کے اعتراف پر ’’ ستارہ امتیاز’’ اور ’’ہلال امتیاز‘‘  جبکہ 2010 میں بعد از مرگ ’’ ہلال پاکستان‘‘ سے بھی نوازا گیا۔ وہ 12 جنوری 1931ء کو کوہاٹ میں پیدا ہوئے، فارغ التحصیل ہونے پر لیکچرر شپ ، ریڈیو ، لوک ورثہ ، اکادمی ادبیات اور نیشنل بک فاؤنڈیشن سمیت کئی اداروں سے وابستہ رہے ۔ احمد فراز نے رومانوی شاعری کی کلاسیکی روایت کو بڑھایا اور اس کی ثروت میں گراں قدر اضافہ کیا، ان کی شاعری میں جذبوں اور امنگوں کی کئی بستیاں آباد ہیں ۔ فراز کی شاعری میں غم جاناں بھی ہے اور غم  دوراں بھی ۔ وہ ظلم ، جبر اور آمریت پر بھی ٹوٹ کر برسے ۔ احمد فراز نے 25 اگست2008ء کو جہاں فانی سے کوچ کیا ، وہ اسلام آباد میں آسودہ خاک ہیں ۔