Saturday, May 11, 2024

احسن اقبال کیخلاف نارووال اسپورٹس سٹی کرپشن کیس میں انکوائری ،انویسٹی گیشن میں تبدیل

احسن اقبال کیخلاف نارووال اسپورٹس سٹی کرپشن کیس  میں انکوائری ،انویسٹی گیشن میں تبدیل
June 8, 2020

اسلام آباد ( 92 نیوز) احسن اقبال  کے خلاف  نارووال اسپورٹس سٹی کرپشن کیس میں اہم پیشرفت ہوئی ، انکوائری کو انویسٹی گیشن میں تبدیل کر دیا گیا۔ نیب نے پیشرفت رپورٹ احتساب عدالت میں پیش کردی ۔ عدالت نے ریفرنس میں تاخیر پر چیئرمین نیب سے جواب طلب کرلیا، قرار استفسار کیا  کہ احسن اقبال کیخلاف ریفرنس آنا ہے یا کیس خارج کر دیں۔ ادھر احسن اقبال کا  نیب پر جھوٹے گواہ بنانے کا الزام عائد کر دیا۔

احستاب عدالت میں ناروال اسپورٹس سٹی کرپشن کیس کی سماعت جج محمد بشیر نے کی ، نیب نے پیشرفت رپورٹ پیش کی، بتایا کہ احسن اقبال کیخلاف انکوائری کو انویسٹی گیشن میں تبدیل کر دیا گیا ، کورونا کو تحقیقات میں رکاوٹ قرار دیتے ہوئے کہا کہ تحقیقات مکمل ہونے پر ریفرنس دائر کیا جائیگا۔

دوران سماعت احسن اقبال روسٹرم پر آگئے ، موقف اپنایا کہ دو سال سے نیب مجھے بلا رہا ہے ، مجھے گرفتار بھی کیے رکھا لیکن تفتیش نہیں ہوئی ، اسپورٹس سٹی میں اس سال پی ایس ایل کے میچ ہونا تھے ، لیکن منصوبہ ہی روک دیا گیا ۔

رہنما مسلم لیگ ن نے  چئیرمین نیب کو ذاتی حیثیت میں عدالت طلب کرنے اور نیب کو ریفرنس دائر کرنے کا آخری موقع دینے کا حکم دینے کی استدعا کردی ۔

عدالت نے لیگی رہنما احسن اقبال کے خلاف ریفرنس میں تاخیر پر چیئرمین نیب سے جواب طلب کرلیا، قرار دیا کہ ایف آئی اے سے جو کیس نیب کو ٹرانسفر ہوا اس میں احسن اقبال کا نام نہیں تھا ، چیئرمین نیب وجوہات بیان کریں کہ ابتک ریفرنس کیوں دائر نہ ہوسکا۔

سماعت کے بعد لیگی رہنما نے حکومتی  پالیسوں کو تنقید کا نشانہ بنایا۔

ناروال اسپورٹس سٹی کیس کی سماعت 26 جون کو دوبارہ ہوگی۔