Wednesday, May 1, 2024

احسن اقبال کی حالت خطرے سے باہر، جلد ڈسچارج کر دیا جائے گا، ایم ایس سروسز اسپتال

احسن اقبال کی حالت خطرے سے باہر، جلد ڈسچارج کر دیا جائے گا، ایم ایس سروسز اسپتال
May 7, 2018
لاہور (92 نیوز) وفاقی وزیر داخلہ لاہور کے سروسز اسپتال میں زیر علاج ہیں ،ان کی حالت خطرے سے باہر ہے۔ ایم ایس سروسز اسپتال کے مطابق احسن اقبال روبصحت ہیں اور انہیں جلد ڈسچارج کر دیا جائےگا ۔ نارووال میں قاتلانہ حملے کے دوران زخمی ہونے والے وزیر داخلہ احسن اقبال کو کامیاب آپریشن کے بعد آئی سی یو منتقل کر دیا گیا۔ وفاقی وزیر داخلہ  کو نارووال سے زخمی حالت میں پنجاب حکومت کے ہیلی کاپٹر پر لاہور  کے سروسز اسپتال منتقل کیا گیا جہاں ماہر ڈاکٹروں کی ٹیم نے ان کا آپریشن کیا۔ ڈاکٹروں نے کہا کہ احسن اقبال کی حالت خطرے سے باہر ہے۔ وزیرداخلہ احسن اقبال کے بیٹے نے  کہا اللہ نے کرم کیا، والد کی جان بچ گئی۔ وفاقی وزیرداخلہ احسن اقبال کو نارووال کے علاقے کنجروڑ میں کارنر میٹنگ کے دوران وہاں موجود ملزم نے گولی مار دی جو بازو کی ہڈی کو توڑتے ہوئے پیٹ میں جا گھسی۔ ڈپٹی کمشنر نارووال نے ابتدائی تحقیقاتی رپورٹ چیف سیکریٹری پنجاب کو بھجوا دی ہے۔ رپورٹ کے مطابق  کارنر میٹنگ ختم ہونے پر ملزم نے رش کا فائدہ اٹھاتے ہوئے وفاقی وزیر کو نشانہ بنایا۔ ڈی پی اور نارووال کے مطابق  حملہ آور کا نام عابد حسین  اور عمر بیس سے بائیس سال کے درمیان ہے۔ دوسری جانب وزیرداخلہ کے ٹویٹر ہینڈل سے ایک بیان  جاری کیا گیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ  رب کریم کی ذات بڑی رحیم ہے، ٹویٹر پیغام میں  احسن اقبال کیلئے دعاؤں کی درخواست بھی کی گئی ہے۔ 92 نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے ایم ایس سروسز اسپتال ڈاکٹر محمد امیر نے کہا کہ احسن اقبال کا پیٹ اور بازو کا کامیاب آپریشن کیا گیا ہے جبکہ پیٹ میں لگنے والی گولی کا سکہ نہیں نکالا گیا۔ ادھر ملک بھر میں سیاسی جماعتوں کی جانب سے الیکشن کی تیاریاں جاری ہیں لیکن  ذرائع کے مطابق اعلی خفیہ ایجنسیوں کی جانب سے ہائی پروفائل  سیاستدانون پر حملہ ہونے کے حوالے سے  الرٹ بھی جاری کر دیا گیا۔