Wednesday, May 1, 2024

احسن اقبال کی حالت بہتر ،آپریشن کامیابی سے مکمل ہو گئے

احسن اقبال کی حالت بہتر ،آپریشن کامیابی سے مکمل  ہو گئے
May 7, 2018
لاہور ( 92 نیوز) قاتلانہ حملے میں زخمی ہونے والے وفاقی وزیرداخلہ احسن اقبال کی حالت بہتر ہے  ، ایم ایس سروسز اسپتال کے مطابق احسن اقبال کے آپریشن کامیابی سے مکمل کر لئے گئے ہیں  ۔ دوسری جانب احسن اقبال کی تیمار داری کے لئے آنے والوں کا تانتا بندھا رہا۔ وفاقی وزیرداخلہ احسن اقبال سروسز اسپتال لاہور میں زیر علاج ہیں  ، اسپتال ذرائع کے مطابق وزیرداخلہ کے آپریشن کامیابی سے مکمل کر لئے گئے ہیں  اور وہ روبصحت ہیں  ، ان کی حالت خطرے سے باہر ہے ،تاہم وہ آئی سی یو میں ہیں ۔ ایم ایس سروسز اسپتال کا کہنا ہے کہ احسن اقبال کی حالت بہتر ہے  ، آپریشن کامیاب رہے  اور دو جگہ سے ٹوٹنے والی ہڈی کو بھی جوڑ دیا گیا ۔دوسری طرف احسن اقبال  کے بیٹے نے عوام سے والد کی جلد صحتیابی کے لئے دعا کی اپیل کی ہے۔ واضح رہے کہ وفاقی وزیر داخلہ پر گزشتہ روز نارووال میں قاتلانہ حملہ کیا گیا  جس میں وہ زخمی ہوئے ۔ ابتدائی طبی امداد کے بعد اُنہیں بذریعہ ہیلی کاپٹر سروسز اسپتال لاہور منتقل کیا گیا ۔ اسپتال میں احسن اقبال کی تیمارداری کرنے والوں کا بھی تانتا بندھا رہا  ، ڈی جی رینجرز پنجاب میجر جنرل اظہر ندیم حیات ،ترجمان پنجاب حکومت  ملک احمد خان ،اسپیکر پنجاب اسمبلی رانا محمد اقبال اور چیف سیکرٹری پنجاب نے  سروسز اسپتال میں  وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال کی عیادت کی۔