Friday, May 3, 2024

احسن اقبال کا حکومت پر پارلیمنٹ کو بے توقیر کرنے کا الزام

احسن اقبال کا حکومت پر پارلیمنٹ کو بے توقیر کرنے کا الزام
December 5, 2019
 اسلام آباد (92 نیوز) مسلم لیگ ن کے رہنما احسن اقبال نے حکومت پر پارلیمنٹ کو بے توقیر کرنے کا الزام لگا دیا۔ احسن اقبال نے کہا ارکان کو غیرقانونی حراست میں رکھ کر اسمبلی کی کارروائی سے روک رکھا ہے۔ن لیگ کےارکان کو مقدمات میں الجھا کر اسمبلی کی کارروائی سےدور رکھا گیا۔ ہم جھکے ہیں نہ جھکیں گے ۔ احسن اقبال کا کہنا تھا تمام اسیران کا حق ہے کہ ان کو اسمبلی میں شرکت کرنے دی جائے۔ پروڈکشن آرڈر جاری ہونے کے باوجود ارکان کو روکا گیا۔ اسپیکر کے آرڈر کو ردی کی ٹوکری میں پھینک دیا گیا۔ سوال یہ ہے کہ حکومت میں فیصلے کون کرتا ہے۔ قبل ازیں مسلم لیگ ن کے رہنما احسن اقبال نے حکومت پر ملکی اداروں کو بے توقیر کرنے کا الزام لگایا تھا۔ میڈیا سے گفتگو میں احسن اقبال کا کہنا تھا ہم حکومت کو گھر بھیجنے میں بہت بے صبرے ہیں لیکن حکومت کو خود گھر جانے کی جلدی ہے ۔ تجربہ ناکام ہو گیا، اب حکومت فوری طور پر تبدیل ہونی چاہئے۔ مسلم لیگ ن کے رہنما احسن اقبال کا کہنا تھا آج تمام اداروں کو بے توقیر کر دیا گیا ہے۔ پارلیمنٹ کو تالے لگا دیئے گئے ہیں۔ ترقیاتی بجٹ پچاس فیصد سے زیادہ کاٹ دیا گیا ہے۔ اس بجٹ میں تو جاری منصوبے بھی پورے نہیں ہو سکتے، نئے کیسے شروع کریں گے۔ انہوں کا کہنا تھا فارن فنڈنگ کیس پاکستانی سیاست کا سب سے بڑا کیس ہے۔ اس کا جلدازجلد فیصلہ سنایا جانا چاہئے۔ اگر چوری نہیں کی تو پھر کس چیز کی پردہ داری ہے۔ اب خان صاحب کی باری ہے کہ اپنی تلاشی دیں۔ احسن اقبال کا کہنا تھا ہماری دعا ہے اللہ تعالیٰ نوازشریف کو جلدازجلد صحت یاب کرے۔ نوازشریف کا دل پاکستان کے ساتھ دھڑکتا ہے۔ نوازشریف جیسے ہی صحت مند ہوں گے وہ ایک دن بھی ضائع کیے بغیر واپس آئیں گے۔