Tuesday, April 16, 2024

احسن اقبال نے بلاول بھٹو کے تحریک عدم اعتماد کے اعلان پر سوال اٹھا دیا

احسن اقبال نے بلاول بھٹو کے تحریک عدم اعتماد کے اعلان پر سوال اٹھا دیا
January 23, 2021

اسلام آباد (92 نیوز) حکومت کیخلاف تحریک عدم اعتماد لانے کا آپشن پیپلز پارٹی اور ن لیگ کی دوریاں بڑھانے لگا، احسن اقبال نے بلاول بھٹو زرداری کے تحریک عدم اعتماد کے اعلان پر سوال اٹھا دیا۔ رانا ثنا اللہ نے تو اپنے ہی پارٹی رہنما کے بیان کی نفی کردی جبکہ پی ڈی ایم کے رہنماوں کی اختلاف رائے بھی منظر عام پر آگئی۔

جو جلسوں میں ساتھ تھے ، وہ ریلیوں میں دور ہیں ، جو پلاننگ میں ساتھ تھے ، اب اعلانات میں دور ہیں ، کیا پی ڈی ایم کے اہم مہرے ن لیگ اور پیپلز الگ پیج پر ہیں؟ ، کیونکہ بلاول بھٹو زرداری نے  حکومت کیخلاف عدم اعتماد کی تحریک کیلئے مشاورت کا پلان بتایا، تو ن لیگی رہنما احسن اقبال نے الگ موقف اپنالیا۔

صرف پی ڈی ایم ہی نہیں  سیاسی چالوں پر  لیگی رہنماوں کی آرا بھی مختلف ہے ، رانا ثنا اللہ اپنے موقف سے احسن اقبال کے بیان کی نفی کررہے ہیں۔

ذرائع کے مطابق پی ڈی ایم جماعتوں کے پانچ قائدین اِن ہاوس تبدیلی کے مخالف ہیں ، چار نے وزیراعظم کے خلاف تحریک عدم اعتماد کی حمایت کی ہے۔کئی رہنماوں نے پیپلز پارٹی سے وضاحت مانگی  اور متعدد قائدین نے تو سربراہی اجلاس بلانے کا مطالبہ کردیا۔