Tuesday, May 7, 2024

احسان مانی بلا مقابلہ چیئرمین پی سی بی منتخب ہو گئے

احسان مانی بلا مقابلہ چیئرمین پی سی بی منتخب ہو گئے
September 4, 2018
لاہور (92 نیوز) احسان مانی کے مقابلے میں کسی امیدوار نے کاغذات جمع نہیں کرائے۔ احسان مانی بلا مقابلہ چیئرمین پی سی بی منتخب ہو گئے۔ پی سی بی کے قانون کے مطابق احسان مانی آئندہ 3 برس تک چیئرمین پی سی بی کی حیثیت سے خدمات انجام دیں گے۔ قذافی اسٹیڈیم میں جسٹس ریٹائرڈ افضل حیدر کی نگرانی میں چیئرمین پی سی بی کا انتخابی عمل مکمل ہوا۔ گورننگ بورڈ کے نو ارکان میں سے صرف احسان مانی نے کاغذات جمع کرائے۔ صبح گیارہ بجے شروع ہونے والا انتخابی عمل سوا گیارہ بجے مکمل ہو گیا۔ پیشہ کے اعتبار سے چارٹرڈ اکاؤنٹننٹ احسان مانی کو ملکی اور غیر ملکی اداروں کے ساتھ کام کرنے کا وسیع تجربہ ہے۔ وہ آئی سی سی میں میں پی سی بی کے نماٸندہ کے طور پر بھی خدمات انجام دے چکے ہیں۔ احسان مانی کو وزیر اعظم عمران خان کا اعتماد حاصل ہے۔ کہتے ہیں ملک کی کرکٹ کے اسٹرکچر میں تبدیلی لاٸیں گے اور تمام ارکان کو ساتھ لے کر چلیں گے۔ وزیراعظم عمران خان نے سابق چیئرمین نجم سیٹھی کے استعفے کے بعد احسان مانی کو کرکٹ بورڈ کا نیا چیئرمین نامزد کیا تھا۔ احسان مانی انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے صدر کے عہدے پر بھی رہ چکے ہیں۔ وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے احسان مانی کو پی سی بی کا بلامقابلہ چیئرمین منتخب ہونے پر مبارکباد دی۔ انہوں نے کہا کہ احسان مانی کے عہدہ سنبھالنے سے پاکستانی کرکٹ میں بہتری آئے گی۔