Saturday, April 27, 2024

احساس کفالت سنٹرز میں امدادی رقوم دینے کا سلسلہ جاری

احساس کفالت سنٹرز میں امدادی رقوم دینے کا سلسلہ جاری
April 18, 2020

لاہور ( 92 نیوز) احساس کفالت سنٹرز میں امدادی رقوم دینے کا سلسلہ جاری ہے ،ضلعی انتظامیہ اور پولیس بہترین انتظامات کی فراہمی کے لئے متحرک ہے۔

لاہور میں احساس کفالت  پروگرام کے تحت مستحق شہریوں میں امدادی رقوم کی تقسیم کا سلسلہ جاری ہے ، وزیر اعظم ایمرجنسی کیش سنٹرز میں ضلعی انتظامیہ اور پولیس کی جانب سے بہترین انتظامات کئے گئےہیں ،  سنٹر کے اندر فاصلے سے کرسیاں رکھی گئی ہیں ۔

کاؤنٹر سے ٹوکن لینے کے بعد کاونٹر پر شناختی کارڈ دکھانا پڑتا ہے،تصدیق کے فوری بعد ہی بارہ ہزار روپے نقد متعلقہ شخص کو دے دئیے جاتے ہیں ، رقوم حاصل کرنے والی خواتین حکومت  کو دعائیں دیتی رہیں۔

مردوں اور خواتین کے لئے علیحدہ ہال مقرر کئے گئے ہیں ، حق دار مرد بھی رقم ملنے کے بعد مطمئن نظرآئے ۔

سنٹر کے باہر لاہور پولیس کے اہلکاروں نے ضعیف افراد کو ویل چیئر کے ذریعے سنٹرتک پہنچایا ،  سنٹر پہنچنے والے شہریوں کو سینیٹائز کیا گیا جبکہ قطار مینجمنٹ سسٹم کا بھی خیال رکھا گیا۔

ادھر راولپنڈی میں  احساس ایمرجنسی کیش پروگرام بھی افسر شاہی کی بھینٹ چڑھنے لگا، راولپنڈی میں شہری تیز بارش کے دوران صبح سویرے امدادی رقوم لینے پہنچ گئے، بینک افسران تاخیر سے آئے۔

امدادی رقوم کے حصول کےلیے مردوخواتین صبح ساڑھے 6 بجے متعلقہ اسکول میں پہنچ گئے ، بارش اوررش کی وجہ سے کئی لوگ صحن میں ہی قطار بنا کر بیٹھے رہے۔

رش کے باعث کورونا وائرس کے پھیلاؤ کا خوف مستحقین کو ستاتا رہا ، خواتین کہتی ہیں بینک افسر وقت پرآئے نہیں اورانہیں صبح بلا لیا گیا۔

انتظامیہ کا موقف ہے کہ بارش کے باوجود صبح سے ہی انتظام  مکمل کرلیا ، بنک افسران کے تاخیر سے آنے پر رقوم کی تقسیم کا سلسلہ دیر سے شروع کیا گیا۔

وزیر اعظم کے احساس کفالت پروگرام کے ذریعے حیدرآباد میں بھی مستحق مرد و خواتین کو 12 ہزار روپے کی امدادی رقم کی ادائیگی کا سلسلہ جاری ہے، سینٹرز پر آنے والے افراد کو احتیاطی تدابیر اور بائیو میٹرک سمیت دیگر مراحل سے گزرنے کے بعد رقم ادا کی جارہی ہے۔

حیدر آباد کے 42 مقامات پر قائم کئے گئے سینٹرز سے مستحق مرد و خواتین کو تمام احتیاطی تدابیر اور بائیو میٹرک سمیت دیگر مراحل سے گزارنے کے بعد رقم ادا کی جارہی ہے ، مستحقین نے امدادی رقم دینے پر وزیراعظم کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ لاک ڈاؤن کی وجہ سے وہ مالی بحران کا شکار تھے، رقم ملنے پر وہ حکومت کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔

سینٹرز پر آنے والے افراد کے درمیان سماجی فاصلے کا خیال رکھا جاتا ہے جبکہ بائیو میٹرک سے قبل ان کے ہاتھ بھی دھلوائے جارہے ہیں۔