Tuesday, April 23, 2024

احساس پروگرام کے پیچھے ریاست مدینہ کی سوچ ہے، وزیراعظم

احساس پروگرام کے پیچھے ریاست مدینہ کی سوچ ہے، وزیراعظم
November 4, 2019
اسلام آباد (92 نیوز) احساس پروگرام کے پیچھے ریاست مدینہ کی سوچ ہے، غریبوں کیلئے راشن پروگرام بھی شروع کر رہے ہیں، وزیراعظم نے انڈرگریجویٹس اسکالرشپ پروگرام کے اجرا کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا بیماری غربت کی لکیر سے نیچے لے جاتی ہے، صحت کارڈ عوام کیلئے زبردست پروگرام ثابت ہوگا۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ثانیہ نشتر اسکالرشپ کا پروگرام لانے پر مبارک باد کی مستحق ہیں، یہ پروگرام انقلاب لے کر آئے گا، نوجوانوں کو جب اچھی تعلیم نہیں ملتی، روزگار نہیں ملتا تو وہ کیا کرے گا، ایسے نوجوان بغاوت اور جرم کی طرف جائے گا، میں نے اسی سوچ کو لے کر نمل یونیورسٹی بنائی تھی۔ انہوں نے کہا کہ نمل یونیورسٹی میں 92 فیصد بچے اسکالرشپ پر پڑھتے تھے، عمران خانوہاں ہم نے ٹیکنیکل ڈگریاں رکھیں تاکہ انہیں نوکری میں آسانی ہو، رزلٹ یہ آیا کہ وہاں سے گریجویٹ کرکے نکلنے والے 90 فیصد نوجوانوں کو فوری نوکریاں ملیں، غربت کم کرنے کا بہترین طریقہ یہ ہے کہ غریب گھرانوں کے بچوں کو اوپر آنے کا موقع دیا جائے۔ عمران خان کہتے ہیں ملک میں تین قسم کے نظام تعلیم چلتے رہے لیکن کسی نے اس کے اوپر بات نہیں کی، باہر کے ممالک میں بچوں کو ٹیسٹ کے بعد سرکاری سکولوں میں داخلہ دیتے ہیں، جو ٹیسٹ میں پاس نہ ہوسکیں وہ بچے پرائیویٹ سکولوں میں جاتے ہیں۔ وزیراعظم نے کہا جب میں کرکٹ کھیلتا تھا تو اس وقت ایچی سن کالج میں کھیلوں کی بہترین سہولیات دی جاتی تھیں،عمران خان جب ایچی سن کالج کے طلبہ کا مقابلہ منٹوپارک میں کھیلنے والے بچوں سے ہوتا تھا وہ ایچی سن کے طلبہ ہارجاتے تھے۔ مزید بولے کہ بہت جلد صحت کارڈ پورے پاکستان میں سب کے پاس ہوگا، پروگرام کو لانے میں دیر اس لیے ہورہی ہے تاکہ پروگرام کا غلط استعمال نہ ہوسکے۔