Thursday, April 18, 2024

احتیاطی تدابیر اپنا کر کرونا وائرس  سے بچاؤ ممکن

احتیاطی تدابیر اپنا کر کرونا وائرس  سے بچاؤ ممکن
February 27, 2020
لاہور ( 92 نیوز) احتیاطی تدابیر اپنا کر کرونا وائر س سے بچاؤ ممکن ہے ، کرونا وائرس ہے کیا اور کیسے پھیلتا ہے؟ اس کی علامات کیا ہیں اوراس سے کیسے بچا جا سکتا ہے، آئے جانتے ہیں ۔ کرونا وائرس کی نصف درجن سے زائد اقسام دریافت ہوچکی ہیں، اس کے کناروں پر ایسے ابھار ہوتے ہیں جیسے کوئی تاج ہو، اسی وجہ سے اسے کرونا وائرس کہا جاتا ہے ۔ کرونا وائرس ناک اور منہ کے ذریعے جسم میں داخل ہوتا ، جہاں وہ سانس لینے کے نظام میں موجود ایک خلیے سے جُڑتا ہے اور پھر دیگر خلیوں پر اثر انداز ہونا شروع ہوتا ہے ، یہ کھانسی، چھینک، ہاتھ لگانے اورایک ہی برتن میں کھانا کھانے سےپھیلتا ہے۔ وائرس کی علامات دو سے چودہ روزمیں سامنے آنے لگتی ہیں، یہ بظاہر بخار سے شروع ہوتا ہے، جس کے بعد خشک کھانسی کی علامات ظاہر ہوتی ہیں، ایک ہفتے کے دوران پھیپھڑوں میں سوجن پیدا ہوتی ہے جس کے باعث سانس لینا مشکل ہوجاتا ہے۔ کرونا وائرس کا تاحال کوئی علاج نہیں ڈھونڈا جاسکا، اس کی ویکسین پر کام کیا جارہا، امید ہے رواں برس کے اختتام تک اس کی آزمائش شروع کردی جائے گی۔ کرونا سے چند احتیاطی تدابیر پر عمل کرتے ہوئے بچاؤ ممکن ہے ، اپنے ہاتھوں کو جراثیم کش صابن سے دھوئیں ، باہر جاتے ہوئے، کھانستے یا چھینکتے ہوئے منہ کو لازمی ڈھانپیں ، بیمار افراد کے قریب مت جائیں ، طبیعت خراب محسوس ہو تو گھر میں رہیں، اگر بخار، کھانسی یا سانس لینے میں دشواری تو فوری طبی مدد حاصل کریں۔