Wednesday, April 24, 2024

احتساب کے نام پر انتقام کا ڈرامہ نہیں چلے گا، مولانا فضل الرحمٰن

احتساب کے نام پر انتقام کا ڈرامہ نہیں چلے گا، مولانا فضل الرحمٰن
November 5, 2019
 اسلام آباد (92 نیوز) جے یوآئی سربراہ مولانا فضل الرحمٰن نے کہا احتساب کے نام پر انتقام کا ڈرامہ نہیں چلے گا۔ آزادی مارچ سے خطاب کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمٰن نے کہا ہمارے مارچ پر اعتراض کرنے والے 126 دن کیوں نہیں بولے؟ ملیں بند ہو رہی ہیں، غریب بجلی کا بل بھی ادا نہیں کر سکتا، اشیا کی قیمتیں آسمان پر پہنچ گئیں؟ قرضوں میں اضافہ ہو گیا، ایک سال میں تین بجٹ پیش کئے گئے۔ جے یوآئی سربراہ مولانا فضل الرحمن کا کہنا تھا یہ آزادی مارچ آنے والے وقت میں انقلاب کی نوید دے رہا ہے۔ آنے والا مستقبل پاکستان کی عوام کا ہے۔ پارلیمنٹ کی بالادستی کو تسلیم کرنے کے سوا کوئی راستہ نہیں رہے گا۔ جے یوآئی سربراہ بولے اس ملک میں جمہوریت ہے تو پھر جمہوریت میں عوام کے فیصلوں کا احترام ہوتا ہے۔ یہ ملک عوام کا ہے۔ یہ ملک صرف سرمایہ داروں اور جاگیرداروں کا نہیں۔ یہاں کی پارلیمنٹ عوام کے ووٹ اور عوام کی مرضی سے بنے گی۔ جے یوآئی سربراہ کا کہنا تھا ہم پارلیمانی کمیٹی بنا دیں گے جو دھاندلی کی تحقیق کرے گی۔ آپ نے کمیٹی تو بنائی تھی ایک سال میں ایک میٹنگ بھی نہیں ہوئی۔ پرویزخٹک ہی اس کمیٹی کے چیئرمین تھے اور آج بھی ہیں۔ مولانا فضل الرحمن نے کہا آپ اس جعلی الیکشن کو کس طرح ہم سے منوا سکتے ہیں۔ الیکشن کمیشن خود اسے جعلی قرار دے رہا ہے۔ ہم نے چور کو دن دیہاڑی چوری کرتے پکڑا۔ اب چور کہتا ہے کہ تفتیش کرو کہ میں چور ہوں یا نہیں۔ سیاسی مخالفین کو چور کا نام دے کر ذلیل و رسوا کرنا حکمرانوں کے لیے آسان ہوتا ہے لیکن اس سے حقائق چھپائے نہیں جا سکتے۔