Friday, April 26, 2024

احتساب کی وجہ سے اسمبلیوں سے شور اٹھ رہا ہے ، عمران خان

احتساب کی وجہ سے اسمبلیوں سے شور اٹھ رہا ہے ، عمران خان
January 16, 2019
 پشاور (92 نیوز) وزیر اعظم عمران خان نے کہا اسمبلی سے شور اٹھ رہا ہے کہ جمہوریت خطرے میں ہے،شور احتساب کی وجہ سے ہے۔ نیشنل سکیورٹی ورکشاپ کے شرکا سے ملاقات میں بات چیت کرتے ہوئے وزیر اعظم عمران خان نے کہا شور کا اصل مقصد احتساب سے بچنے کے لئے دباؤ ڈالنا ہے ۔ سیاسی رہنماؤں پر فرض ہوتا ہے کہ اپنے پر لگنے والے الزامات کا جواب دیں ۔ بدقسمتی سے ہمارے ملک میں طاقتور اور کمزور کے مختلف قوانین ہیں ۔ موجودہ حکومت نے نئے پاکستان کا تصور دیا ۔ اُنہوں نے شرکا کو یقین دلایا کہ بلوچستان کے کوٹے پر عمل درآمد یقینی بنایا جائے۔ دوسری طرف وزیراعظم عمران خان نے اپنے دو ٹویٹ پیغامات میں اپوزیشن کو تنقید کا نشانہ بنایا۔ پہلے ٹویٹ میں کپتان نے لکھا اپوزیشن کا واک آؤٹ سمجھ سے بالاتر ہے ۔ پارلیمنٹ پر عوام کے ٹیکس کے اربوں روپے خرچ ہوتے ہیں ۔ وزیراعظم نے سوال اٹھایا کہ کیا عوام نے صرف واک آؤٹ کے لئے انہیں منتخب کیا ہے ؟۔ وزیراعظم عمران خان نے اپنے پہلے ٹویٹ پیغام میں مزید لکھا کہ کیا اپوزیشن واک آؤٹ سے حکومت کو دباؤ میں لا کر این آر او چاہتی ہے ؟۔ یہ چاہتے ہیں ان کے خلاف نیب کیسز بند کئے جائیں۔ دوسرے ٹویٹ میں پھر اپوزیشن پر تنقید کی۔ وزیراعظم عمران خان نے لکھا کہ یوں محسوس ہوتا ہے ووٹ لیکر منتخب ہونے والے کو قومی خزانے پر ڈاکہ زنی کا لائسنس مل جاتا ہے ۔ وزیراعظم نے پھر سوال اٹھایا کہ کیا جمہوریت منتخب سیاسی رہنماؤں کو کرپشن اور لوٹ مار کی کھلی چھوٹ کا نام ہے؟۔