Sunday, September 8, 2024

احتساب کرنا ہے تو پورے ملک میں اور بلاامتیاز کیا جائے، کارروائیاں صرف سندھ تک کیوں محدود ہیں: بلاول بھٹو زرداری

احتساب کرنا ہے تو پورے ملک میں اور بلاامتیاز کیا جائے، کارروائیاں صرف سندھ تک کیوں محدود ہیں: بلاول بھٹو زرداری
March 11, 2016
لاہور (نائنٹی ٹو نیوز) چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ ملک میں احتساب کے دوہرے معیار ہیں۔ سندھ کے سرکاری دفاتر میں گھس کر فائلیں اٹھا لی جاتی ہیں اور پنجاب میں کرپشن کے میگا منصوبوں پر کوئی پوچھنے والا نہیں۔ بلاول بھٹو زرداری نے سینیٹ میں قائد حزب اختلاف چودھری اعتزاز احسن کی عیادت کی جہاں پارٹی کے دیگر سینئر رہنما بھی موجود تھے جن سے پیپلزپارٹی کی تنظیم نو سے متعلق بات کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ پارٹی میں ہر سطح پر تبدیلی لانے کا فیصلہ کر لیا ہے جس کیلئے وہ سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی سے مشاورت کریں گے۔ ذرائع کے مطابق بلاول بھٹو نے کہا کہ احتساب کرنا ہے تو پورے ملک میں اور بلاامتیاز کیا جائے، کارروائیاں صرف سندھ تک کیوں محدود ہیں۔ پنجاب میں اورنج لائن اور میٹروبس کے منصوبوں میں ہونے والی کرپشن کسی کو کیوں نظر نہیں آرہی جس پر چودھری اعتزاز احسن نے کہا کہ اگر رینجرز پنجاب کے کسی سرکاری دفتر سے فائلیں اٹھا کر لے جاتی تو سوچیں شہباز شریف کا رد عمل کیا ہوتا۔ بلاول نے کہا کہ مسلم لیگ نون اداروں کو ساتھ ملا لیتی ہے، عدالتیں بھی صرف پیپلزپارٹی کے خلاف ہی فیصلے دیتی ہیں۔ اعتزاز احسن کی عیادت کے بعد بلاول ایک بار پھر سابق گورنر سلمان تاثیر کے گھر گئے اور شہباز تاثیر اور اہلخانہ سے ملاقات کی۔ بلاول بھٹو ایک روزہ دورہ پر لاہور آئے اور جمعہ کو اسلام آباد جانا تھا لیکن خراب موسم کی وجہ سے روانہ نہ ہو سکے۔