Friday, March 29, 2024

احتساب لازم، اسپیکر سندھ اسمبلی کیساتھ جو ہوا نہیں ہونا چاہئے تھا، پرویز اشرف

احتساب لازم، اسپیکر سندھ اسمبلی کیساتھ جو ہوا نہیں ہونا چاہئے تھا، پرویز اشرف
March 2, 2019
اسلام آباد ( 92 نیوز) پاکستان پیپلزپارٹی کے سینئر رہنما اور سابق وزیر اعظم راجہ پرویز اشرف نے قومی اسمبلی  اسپیکر سندھ اسمبلی کی گرفتاری  پر رد عمل دیتے ہوئے کہا کہ احتساب ہونا چاہئے ، مگر اسپیکر سندھ اسمبلی کیساتھ جو ہوا نہیں ہونا چاہئے تھا۔ راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ اسپیکر کی گرفتاری سے سیاست اور جمہوریت کی توقیر کم ہوئی ،  پارلیمنٹ کی بھی توہین ہوئی ، بتایا جائے کون کون سا ادارہ پارلیمان سے معتبر ہے؟۔ کسی اسپیکر کو بے آبرو کر کے ایسے گرفتار نہیں کیا گیا ،چادر اور چار دیواری کا تقدس پامال کیا گیا۔ راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ  یہ کون سا طریقہ ہے کہ ارکان اسمبلی کیساتھ بھیڑ بکریوں جیسا سلوک  کیا جائے ۔ قومی اسمبلی کے اجلا س کے دوران اپوزیشن ارکان اسپیکر کے ڈائس کے سامنے جمع ہو گئے ، پیپلزپارٹی کے ارکان شور شرابہ اور نعرے بازی کرتے رہے جب کہ اسپیکر ڈائس کا گھیراؤ کیاا ور ایجنڈے کی کاپیاں  پھاڑ دیں جس پر اسپیکر نے اسمبلی کا اجلاس جمعہ کی صبح 11 بجے تک ملتوی کر دیا۔ دوسری جانب قومی اسمبلی میں سی پیک اور پارلیمانی کمیٹیاں تشکیل دنے کی تحاریک منظور کر لی گئیں ۔قومی اسمبلی کی خصوصی کشمیر کمیٹی قائم کرنے کی تحریک بھی منظور کر لی گئی۔ اسپیکر قومی اسمبلی کو کمیٹیوں کی تشکیل کا اختیار دے دیا گیا، پارلیمانی کمیٹیوں میں سینیٹ ارکان کی نمائندگی چیئرمین سینیٹ کریں گے۔ پارلیمانی کمیٹی برائے سی پیک 21 ارکان پر مشتمل ہو گی،کمیٹی سی پیک منصوبوں کی پارلیمانی نگرانی کرے گی۔